کتاب: توحید باری تعالیٰ سے متعلقہ شکوک وشبہات کا ازالہ - صفحہ 13
میں((لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ))کا مفہوم ومطلب‘اس کے تقاضے اور کلمہ کے منافی غیر شرعی اور مشرکانہ اُمور کے متعلّق بعض برخود غلط افراد کے اچھالے ہوئے اعتراضات وشبہات کا شافی و کافی جواب دیا ہے،جبکہ افادہ عام کیلئے ضمیمہ وتتمہ کے طور پر مُحَمَّدُ رَّسُوْلُ اللّٰہِ کے مفہوم و مطلب کا اضافہ کیا جارہا ہے۔تاکہ پورے معروف’’کلمۂ طیّبہ‘‘کے معانی ومطالب جاننے میں تشنگی نہ رہے اور یہ بات کھل کر سامنے آجائے کہ مرتے وقت کلمہ نصیب ہونے کی صورت کیا ہے؟اور پیغمبر علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شفاعت کس عقیدہ اور کِن اعمال والے لوگوں کا مقدّر ہے؟
یہیں اس بات کی وضاحت بھی ضروری معلوم ہوتی ہے کہ ہم نے ’’کشف الشبہات‘‘ کے کئی ایڈیشن اپنے سامنے رکھ کر کامل ترین متن کا ترجمہ کیا ہے‘خصوصاً شیخ علی محمد الصالحی کی تحقیقات وتعلیقات کے ساتھ شائع شدہ ایڈیشن سے کافی اضافے اخذ کرکے انکا ترجمہ بھی اس میں شامل کردیا ہے اور یہ وہ اضافے ہیں جو اصل عربی کتاب کے دوسرے کئی ایڈیشنوں سے ساقط ہوگئے تھے۔
قارئین ِ کرام!
اگر مذہبی تعصّب سے بالاتر ہوکر وُسعت ِ ظرفی سے مطالعہ کیا جائے‘تلخ حقائق کا خندہ پیشانی سے سامنا کرتے ہوئے انھیں تسلیم کیا جائے اور لکیر کی فقیری چھوڑ کر اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا بھی آتا ہو تو ’’عقیدۂ توحید‘‘ کے موضوع پر یہ کتاب ’’درقامت کہتر بقیمت بہتر‘‘ کی صحیح مصداق ہے۔اور اگر دَوران ِ مُطالعہ تعصّب وفرقہ بندی غالب رہے‘تنگ نظری اور حقائق سے فرار کی خُو بھی نہ چھوٹے تو صاحبو!کتاب چاہے کتنی بھی ضخیم‘مدلّل اور ثقہ کیوں نہ ہو،مطالعہ بے سُود جاتا ہے۔