کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 67
دوم:جو تاویلات کے ذریعے سے کفریہ عبارات کو مشرف بہ اسلام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سوم:جو ان عبارات سے کلیتاً متفق ہیں۔اس تیسرے گروہ اور ابن عربی کا ایک ہی حکم ہےاور پہلے دو گروہ اگر بذات خود صحیح العقیدہ ہیں تو جہالت کی وجہ سے لا علم ہیں۔
آخر میں عرض ہے کہ وحدت الوجود ایک غیر اسلامی عقیدہ ہے جس کی تردید قرآن مجید،احادیث صحیحہ،اجماع،آثار سلف صالحین اور عقل سے ثابت ہے۔مثلاً ارشاد باری تعالیٰ ہے:
"أَأَمِنتُم مَّن فِي السَّمَاءِ أَن يَخْسِفَ بِكُمُ الْأَرْضَ فَإِذَا هِيَ تَمُورُ" (سورۃ الملک:16)
’’ کیا تم بے خوف ہو اُس سے جو آسمان پر ہے کہ تمھیں زمین میں دھنسادے پھر وہ ڈولنے لگے؟‘‘
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لونڈی سے پوچھا:((أين الله؟)) اللہ تعالیٰ کہاں ہے؟اس نے جواب دیا:( فِي السَّمَاءِ) آسمان پر ہے ۔آپ نے پوچھا:میں کون ہوں؟اس نے کہا:آپ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس لونڈی کے مالک سے فرمایا:( أَعْتِقْهَا فَإِنَّهَا مُؤْمِنَةٌ)اسے آزاد کردو کیونکہ یہ ایمان والی ہے۔(صحیح مسلم :537،ترقیم دارالسلام :1199)
ابو عمرو الطلمنکی نے کہا:اہل سنت کا اس پر اجماع ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات کے ساتھ سات آسمانوں سے اوپر اپنے عرش پر مستوی ہے اور معیت سے مراد اُس کاعلم(وقدرت)ہے۔(دیکھئے شرح حدیث النزول لابن تیمیہ ص 144،145،ملخصاً)
تنبیہ:وحدت الوجود کے قائل حسین بن منصور الحلاج الحلولی کے بارے میں تفصیلی تحقیق کے لیے دیکھئے ماہنامہ الحدیث حضرو:21ص8۔11) (الحدیث:49)
وحدت الوجود اور علمائے دیوبند
سوال: (دوسرا سوال یہ ہے کہ)علماء دیوبند میں کون کون اس فلسفہ کے قائل تھے؟
(محمد شیروزیر۔پی سی ایس آئی آرلیبارٹریز ،پشاور)