کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 647
(ب)قرآن وحدیث کو تمام آراء وفتاوی پرہمیشہ ترجیح حاصل ہے۔ بلکہ ہر وہ رائے اور فتوی جو قرآن و حدیث کے خلاف ہے مردود ہے۔ (ج)سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی عظیم فضیلت اس سے ثابت ہے کیونکہ آپ اتباع سنت میں بہت سختی کرنے والی تھیں۔ 23۔بغیر شرعی عذر کے ایک علاقے کے لوگ دوسرے علاقے میں زکوۃ نہ بھیجیں ۔ "تؤخذ من أغنيائهم فترد على فقرائهم" ان کے امیروں سے لے کر ان کے غریبوں کو زکوۃ دی جاتی ہے۔(صحیح بخاری : 1395صحیح مسلم: 19) دوسرے ملکوں میں قربانی بھیجنے کا ثبوت مجھے معلوم نہیں ہے۔ 24۔اس کا جواب وہی ہے جو حوالہ سابق 23 میں گزر چکا ہے۔ 25۔نص قرآن (سورۃ النساء:12)کی روسے اسے ثمن(8؍1)ملے گا۔ 26۔دوسری بیوی جو پہلی بیوی کی سگی بہن ہے۔ پہلی کی زندگی و حالت نکاح کی صورت میں دوسری سے نکاح باطل ہے۔ اگر زوج اور زوجۂ ثانیہ کو حرمت کا علم تھا تو سزا بھی ملے گی۔ دوسری کی اولاد کا وراثت میں کوئی حق نہیں ہے۔ واللہ اعلم 27۔زید کی مذکورہ بیوی زانیہ ہے۔ اس کے نکاح کی تجدید تو نہیں ہوگی لیکن اسلام میں اس کی سزا سنگسار کرنا ہے۔ وما علینا الا البلاغ ۔ (شہادت نومبر 1999ء) (حجامت ) سینگی لگانا سوال: گردن کے پچھلے حصے سے چیر لگا کر(غالباً ) یا کسی اور طریقے سے خون نکالنا جسے شاید عربی میں( حجامۃ )کہتے ہیں۔ یہاں پر کچھ عرب حضرات کرتے ہیں اور ایک دوست نے بھی کہا ہے۔ کیا یہ سنت ہے یا علاج کے لیے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے کیا تھا یا کوئی اور وجہ تھی؟(محمد عادل شاہ ،برطانیہ) الجواب: حجامت کو اردو میں سینگی لگانا یا پچھنے لگانا کہتے ہیں، اس طریقے سے کچھ خون نکال کر علاج کیا جاتا ہے۔یہ عمل جائز بلکہ سنت ہے۔