کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 640
19۔کیا یہ صحیح ہے کہ معتکف بلا شرعی حاجت کے غسل وغیرہ نہ کرے؟
20۔عید کے چاند کی اطلاع پر معتکف کے مسجد سے گھر لوٹنے سے قبل دورکعت نماز پڑھنا کیا ضروری ہے؟یہ دورکعت کیا نماز ہے؟
21۔کیا کوئی شخص اپنے بیٹے کےعقیقے کے لیے دو بکرے یا بھیڑذبح کرنے کے بجائے عیدالاضحیٰ کے موقع پر گائے میں سات قربانیوں کے حصوں میں دو حصے عقیقہ کے شامل کر سکتا ہے؟
22۔ایک ملک میں رہنے والا دوسرے ملک کو اپنی زکوۃ کی رقم بھیج سکتا ہے یا اپنی قربانی دوسرے ملک میں کرواسکتا ہے؟ (واضح رہے کہ ملکوں کی کرنسی کے نرخ میں کافی فرق ہوتا ہے۔)
23۔اسی طرح ایک شہر سے دوسرے شہر یا علاقے کو زکوۃ اور قربانی بھیج سکتا ہے؟
24۔وفات کے وقت کوئی مسلم دوبیویاں چھوڑے ۔ ایک کی اولاد ہو، دوسری کی نہیں تو وراثت میں بے اولاد بیوی کا کتنا حق ہو گا؟
25۔ایک مسلم مرد کی تین بیویاں ہیں دوسری (جو پہلے بیوہ تھی)پہلی کی سگی بہن ہے۔ چونکہ دو بہنوں کو نکاح میں اکٹھا کرنا منع ہے۔ دوسری سے نکاح کرنے سے پہلی کا نکاح ٹوٹ جاتا ہےیا دوسری کا نکاح باطل ہے؟ تینوں بیویوں سے اولاد بھی ہے۔ چنانچہ دوسری سے پیدا ہونے والے بچوں کی حیثیت کیا ہے۔ دوسری سے نکاح کے بعد پہلی بیوی سے پیدا ہونے والے بچوں کی حیثیت کیا ہے؟مرد کے انتقال پر وراثت میں سب بیویوں کی اولاد کو حق ملے گا؟ کیا وراثت میں تینوں بیویوں کا حق ہو گا؟
26۔زید کی نکاح شدہ مسلم بیوی بغیر طلاق لیے اپنے شوہر کو چھوڑ کر چلی گئی اور دوسرے مسلم مرد کے ساتھ کئی سال رہنے کے بعد زید کے پاس واپس لوٹ آئی۔ کیا زید کا نکاح باقی رہتا ہے؟کیا اسے نکاح کی تجدید کرنی ہو گی؟ اگر بیوی مسلم مرد کے بجائے کسی غیر مسلم مرد کے پاس رہ کر آئی ہو تو اس صورت میں پھر اسے اپنانے کے لیے زید کو کیا کرنا ہو گا؟(عبدالرحمٰن یعقوب آٹیہ)