کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 609
’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا:یہ حرمت والا دن ہے اور حرمت والا شہر ہے، لہٰذا تمھارے خون، اموال اور عزتیں تم پر اس دن کی طرح قیامت تک حرام ہیں حتیٰ کہ اگر کوئی شخص برے ارادے سے کسی کو دھوکا دے تو وہ بھی حرام ہے۔ میں تمھیں بتاؤں گا کہ کون مسلمان ہے؟مسلمان وہ ہےجس کی زبان اور ہاتھ سے لوگ محفوظ رہیں اور مومن وہ ہے جسے لوگ اپنے اموال اور جانوں کے بارے میں امین سمجھیں اور مہاجروہ ہے جو غلطیوں اور گناہوں سے دور ہے اور مجاہد وہ ہے جو اللہ کی اطاعت میں اپنے آپ سے جہاد کرے۔‘‘
(مجمع الزوائد 3؍443ح5625طبع دارالکتب العلمیہ ، بیروت)(محمد محسن سلفی کراچی)
الجواب: روایت مذکورہ کشف الاستار عن زوائد البزارللہیثمی (ج2ص35 ح 1143) مجمع الزوائد (3؍268) اور المعجم الکبیر للطبرانی (ج18ص312ح 806) میں موجود ہے اور اس کی سند حسن ہے۔(شہادت فروری 2003)
کتاب : توحید خالص (للشیخ بدیع الدین ) کی بعض روایات
سوال: ایک روایت شیخ بدیع الدین شاہ راشدی رحمہ اللہ نے توحید خالص ص137 پر نقل کی ہے کہ مشرکین حصین رضی اللہ عنہ کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مناظرہ کے لیے لائے ۔آپ نے اس سے پوچھا:جب مصیبت آتی ہے تو تُو کسے پکارتا ہے؟حصین نے کہا:آسمان والے کو۔الخ پیر صاحب رحمہ اللہ نے مزید کئی کتابوں کے حوالے دئیے اور کتاب الدعوات باب 69 قصۃ تعلیم دعاء ص795،رقم الحدیث 3483۔دارالسلام ،ریاض ، نیز علامہ ذہبی رحمہ اللہ نے کتاب العلوص 100پر یہ حدیث دو سندوں کے ساتھ نقل کی ہے اور دونوں کو ضعیف لکھا ہے۔اس کے متعلق آپ کی کیا تحقیق ہے؟ علامہ ذہبی رحمہ اللہ کی نقل کردہ احادیث میں لفظی اختلاف بھی ہے۔ ص110۔(ایک سائل)
الجواب: روایت مذکور ،حسن بصری کی تدلیس کی وجہ سے ضعیف ہے وہ اس مفہوم کے بغیر عمران بن حصین ابیہ کی سند سے ایک حسن روایت ہے جو نسائی کی السنن الکبریٰ (10831)اور عمل الیوم واللیلۃ (993)میں موجود ہے۔(دیکھئے سنن ترمذی بتحقیقی ج2ص411) (شہادت مارچ 2003)