کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 563
ہے، یہ صحیحین کے بنیادی راوی ہیں۔ انھیں بخاری ، مسلم ،یحییٰ بن معین ، العجلی، محمد بن سعد وغیرہم جمہور محدثین نے ثقہ قراردیا ہے۔ ایسے راوی پر ایک دو علماء کی جرحیں باطل و مردود ہوتی ہیں۔روایت کا ترجمہ پڑھ کر مفہوم خود سمجھ لیں یا کسی قریبی صحیح العقیدہ عالم سے ترجمہ کروا کر سن لیں۔ حدیث صحیح پر ایمان لانے میں ہی دونوں جہانوں کی کامیابی ہے۔ (شہادت، فروری 2004ء) علیین اور سجین کیا ہے؟ سوال: کیا علیین جنت کا ایک مقام اور سجین دوزخ کے ایک مقام کا نام ہے؟(وقار علی، لاہور) الجواب: سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ والی حدیث میں علیین اور سجین کی کتابوں میں لکھنے کا ذکر آیا ہے۔(مسند احمد 4؍287،288ح18533) اس کی سند صحیح ہے جیسا کہ گزر چکا ہے۔ علیین میں جسے لکھ دیا گیا وہ جنت میں اور سجین والا دوزخ میں ہے۔(شہادت ،فروری2004ء) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ کیسے پڑھی گئی؟ سوال: کچھ علمائے کرام کو یہ درس دیتے ہوئے سنا کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات پر نماز جنازہ اداکی۔براہ مہربانی پوری تفصیل سے لکھیں کہ یہ کس طریقہ پر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے اللہ کے نبی کی نماز جنازہ ادا کی اور الفاظ کون سے ادا کیے؟(ایک سائل) الجواب: سیدنا ابو عسیب یا ابو عسیم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: لوگوں نے( نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد)کہا :ہم آپ کا جنازہ کیسے پڑھیں ؟کہا: (حجرے میں)گروہ در گروہ داخل ہو جاؤ۔(سید نا ابو عسیب یا ابو عسیم رضی اللہ عنہ نے) کہا :پس وہ لوگ اس دروازے سے داخل ہوتے(اور آپ کی نماز جنازہ پڑھتے پھر دوسرے دروازے سے باہر نکل جاتے۔۔۔الخ (مسند الامام احمد ج5 ص81ح21047واسنادہ صحیح، الموسوعہ الحدیثیہ، ج34ص365)