کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 493
وما علینا الاالبلاغ ( شہادت ، نومبر 2004)
سورۂ یٰس کے فضائل
سوال: جو شخص ہر صبح سورت یسین کی تلاوت کرتا ہے تو اس دن کی تمام حاجتیں پوری ہوں گی ۔اس روایت کی تحقیق مطلوب ہے۔ ( ملحضا از مکتوب حبیب اللہ پشاور)
الجواب: یہ روایت سنن الدارمی ( ج 2ص457 ح3421 وطبعۃ محققہ ح 3461) میں " عطا ء بن ابي رباح ( تابعي ) قال : بلغني ان رسول اللّٰه صلي اللّٰه عليه وسلم قال" کی سند سے موجود ہے ،اور دارمی ہی سے صاحب مشکوۃ نے (ح 21277بتحقیقی) نقل کی ہے۔
یہ روایت مرسل ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے اور " بلغنی " کا نام فاعل نامعلوم ہے ۔
سورہ ٔیس کی فضیلت میں درج ذیل مرفوع روایات بھی ضعیف ومردود ہیں:
1)ان لكل شئي قلبا قلب القرآن يس ومن قرا يس كتب اللّٰه له بقراتها قراءة القرآن عشر مرات"
( جامع ترمذی ح2887 من حدیث قتادۃ عن انس رضی اللہ عنہ وتبلیغی نصاب ص 292 فضائل قرآن ص58)
امام ترمذی اس روایت کے ایک راوی ہارون ابو محمد کے بارے میں فرماتے ہیں’’ شیخ مجہول ‘‘ لہذا یہ روایت ہارون مذکور کے مجہول ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔ شیخ البانی رحمہ اللہ نے اسے موضوع قراردیا ہے۔ (الضعیفۃ ج 1ص202ح169)
امام ابو حاتم الرازی نے یہ دعوی کیا ہے کہ اس حدیث کا راوی: مقاتل بن سلیمان (کذاب) ہے ( علل الحدیث ج2 ص 1652) جبکہ سنن ترمذی وسنن الدارمی (ج 2ص 456ح3419) تاریخ بغداد (ج 4ص 167) میں مقاتل بن حبان ( صدوق) ہے ۔واللہ اعلم
درج بالا روایت کا ترجمہ جناب زکریا صاحب تبلیغی دیوبندی نے درج ذیل الفاظ میں لکھا ہے:’’ ہر چیز کےلیے ایک دل ہوا کرتا ہے۔ قرآن شریف کا دل سورہ یس ہے ۔ جو شخص سورۂ یٰس پڑھتا ہے حق تعالی شانہ اس کے لیے دس قرآنوں کا ثواب لکھتا ہے ۔‘‘