کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 478
آئینہ دیکھتے وقت کی دعا سوال:آئینہ دیکھتے وقت یہ دعا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے یا نہیں ؟ " اللَّهُمَّ كَمَا أَحْسَنْتَ خَلْقِي فَحَسِّنْ خُلُقِي" (ابو قتادۃ ، بستی بلوچاں فروکہ ضلع سرگودھا) الجواب: یہ روایت سخت ضعیف ہے۔ دیکھئے عمل الیوم واللیلۃ لابن السنی ( 163) بتحقیق الشیخ سلیم الھلالی( عجالۃ الراغب المتمنی ج 1 ص 217) اس کا راوی الحسین بن ابی السری متروک ، عبدالرحمن بن اسحاق الواسطی ضعیف اور نعمان بن سعد مجہول ہے۔ (الحدیث:20) کھانا کھانے سے پہلے کی دعا سوال: کھانا کھاتے وقت بِسْمِ اللّٰه وَعَلَى بَرَكَةِ اللّٰه ( مستدرک حاکم) پڑھنا ۔اس کی سند کیسی ہے؟ ( ابوقتادۃ ، بستی بلوچاں فرو کہ ضلع سرگودھا ) الجواب: یہ روایت المستدرک للحاکم (4؍ 107ح 7084) میں موجود ہے۔ اسے حاکم اور ذہبی دونوں نے صحیح کہا ہے لیکن اس کا راوی ابو مجاہد عبداللہ بن کیسان المروزی جمہور محدثین کے نزدیک ضعیف ہے ، لہذا یہ روایت ضعیف ہے۔ (الحدیث:20) دم اور اذکار سے بیماری کا علاج سوال: اگر کوئی شخص جنات یا جادو کے اثر سے بیمار ہوتو کیا کسی عامل سے اس کا علاج کراناجائز ہے؟ ( ایک سائل) الجواب : اگر کوئی شخص (( جادو یا جنات کے اثر ،وغیرہ کی وجہ سے ) بیمار ہوتو اس کا علاج کرانا جائز ہے ۔اگر کسی عامل سے علاج کرائیں تو صحیح العقیدہ عامل کا انتخاب کریں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ( مَنِ اسْتَطَاعَ أَنْ يَنْفَعَ أَخَاهُ فَلْيَفْعَلْ) ’’ جو شخص اپنے بھائی کو فائدہ پہنچاسکے تو ضرور پہنچائے۔‘‘ (صحیح مسلم :2199 وترقیم دارالسلام : 5728)