کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 468
سوال: ایک امام صاحب ہر فرض نماز کے بعد اجتماعی دعا منگواتے ہیں یعنی کرواتے ہیں جبکہ بعض لوگ اپنی بقیہ نماز ادا کررہے ہوتے ہیں ،ایسی صورت میں امام مذکور کا عمل کیا حیثیت رکھتا ہے ؟ ( راشد گلزار ،اسلام آباد)
الجواب : فرض نماز کے بعد اجتماعی دعا کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔اگر بغیر التزام ولزوم کبھی کبھار اجتماعی دعا کرلی جائے تو کوئی حرج نہیں ہے ۔
لہذا امام مذکورکا عمل صحیح نہیں ہے۔
یہاں بطور تنبیہ عرض ہے کہ طبرانی کی ایک روایت میں انفرادی طور پر ،نماز کے بعد ہاتھ اٹھانے کا ذکر ہے ۔( جامع المسانید لابن کثیر ج 7ص 526 سلسلۃ الاحادیث الضعیفۃ للالبانی 2؍56 ح 2542 وقال: ضعیف )
اس روایت کا راوی فضیل بن سلیمان جمہور محدثین کے نزدیک ضعیف ہے، لہذا یہ روایت ضعیف ہی ہے ۔ اس روایت کی تصحیح کے بارے میں محترم الاثری حفظہ اللہ کا موقف صحیح نہیں ۔ ( شہادت ،مارچ 2002)
فرض نماز پڑھنے کے بعد آیت الکرسی پڑھنے کی فضیلت
سوال: کیا ہر نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھ کر جنت میں جانے والی حدیث کی سند درست ہے؟ ( ایک سائل)
الجواب: امام نسائی کی السنن الکبریٰ (ح9928 ) اور عمل الیوم واللیلہ (ح100) میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ( مَنْ قَرَأَ آيَةَ الْكُرْسِيِّ دُبُرَ كُلِّ صَلَاةٍ مَكْتُوبَةٍ لَمْ يَمْنَعْهُ مِنْ دُخُولِ الْجَنَّةِ إِلَّا أَنْ يَمُوتَ)
’’ جو شخص ہر فرض نماز کے آخر میں ( یعنی بعد میں) آیت الکرسی پڑھتا ہے تو اسے جنت میں داخل ہونے سے موت کے علاوہ کوئی چیز نہیں روکتی ۔‘‘
اس کی سند حسن ہے ۔اسے ابن حبان نے بھی صحیح قراردیا ہے ۔