کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 410
نماز میں جوتے سامنے رکھنا
سوال: ماہنامہ ’’محدث ‘‘ نومبر 1999ء شعبان 1420ھ ج 31 عدد11۔ علامہ البانی رحمہ اللہ نمبر ص 61 تا 63۔ شیخ حافظ ثناء اللہ المدنی حفظہ اللہ کا مضمون ہے ، اس میں لکھاہے کہ شیخ مدنی نے علامہ البانی سے ایک سوال پوچھا کہ جوتے سامنے رکھ کر نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے؟ علامہ البانی نے جائز قراردیا تو شیخ مدنی نے طبرانی صغیر ص 165 مطبع انصاری دہلی سے ایک روایت پیش کی تو علامہ البانی نے اسے ضعیف قراردیا ۔ پھر شیخ مدنی نے علامہ صاحب کا تبصرہ الشیخ عبداللہ رو پڑی رحمہ اللہ کو بھیجا تو انھوں نے تفصیلی جواب لکھا مگر تاحال کوئی جواب نہیں آیا ۔ محترم ! میری اس مسئلے پر اپنے جامعۃ الدراسات کے ایک استاذ سے بات ہوئی تو انھوں نے بھی شیخ مدنی کی حمایت کی ۔اس مسئلے میں حق بات کیا ہے ؟ دلائل سے وضاحت فرمائیں ۔ (ایک سائل)
الجواب: شاید آپ کی مراد طبرانی کی درج ذیل حدیث ہے : إِذَا خَلَعَ أَحَدُكُمْ نَعْلَيْهِ فِي الصَّلَاةِ فَلَا يَخْلَعْهُمَا بَيْنَ يَدَيْهِ فَيَأْتَمَّ بِهِمَا، وَلَا مِنْ خَلْفِهِ فَيَأْتَمَّ بِهِمَا __الخ
اگر تم میں سے کوئی نماز میں جوتے اتارے تو اپنے سامنے نہ رکھے ۔ پس ان کے ساتھ اقتدا کرے ۔( المعجم الصغیر ج 2ص13۔ 14ح 818 بتر قیمی )
شیخ علامہ البانی رحمہ اللہ نے اسے " ضعیف جدا " قرار دیا ہے ۔ ( السلسلۃ الضعیفۃ ج 2ص 415 ح 982)
اس کے دو راوی زیاد بن ابی زیاد الجصاص اور ابو سعید المسیب بن شریک الشقری دونوں سخت مجروح ومتروک تھے ، لہذا یہاں شیخ البانی رحمہ اللہ کی تحقیق بالکل صحیح ہے ۔والحمد للہ ( شہادت ، مارچ 2003ھ)