کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 389
نماز سے متعلق دیگر مسائل غیبت سے وضو اور نماز کا اعادہ ؟ سوال: ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ دو آدمیوں نے ظہر یا عصر کی نماز ادا کی اور وہ دونوں روزے سے تھے۔ جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نمازسے فارغ ہوئے تو آپ نے فرمایا:تم وضو اور نماز دہراؤ ،البتہ روزے رکھے رہو اور کسی دن اس کی قضا دو۔ انھوں نے دریافت کیا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !کس لیے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم نے فلاں انسان کی غیبت کی ہے۔ ( مشکوۃ المصابیح کتاب الآداب باب حفظ اللسان ص 73 ح4873) کیا یہ روایت صحیح ہے؟ (محمد محسن سلفی ۔ کراچی) الجواب: یہ راویت امام بیہقی کی کتاب شعب الایمان (5؍303 ح6749) میں "مثني بن بكر عن عباد بن منصور عن عكرمة عن ابن عباس " کی سند سے موجود ہے۔ عباد بن منصور قول راجح میں ضعیف ،مدلس اور مختلط راوی تھا۔ دیکھئے تہذیب التہذیب وغیرہ اور مثنی بن بکر مجہول ہے۔( لسان المیزان 5؍14ت 6889) لہذا یہ روایت ضعیف ومردود ہے ۔ ترک نماز سے خارج از ملت ہونا سوال: ایک حدیث میں آیا ہے: فمن تركها متعمداً فقد خرج من الملة" –( الترغيب والترهيب :٧٩٧ مجمع الزوائد ٤؍٢١٦) جس نے عمداً نماز چھوڑی تو وہ ہماری حالت ملت سے خارج ہوگیا ۔اس حدیث کی تخریج درکار ہے ۔ ( محمد محسن سلفی ،کراچی )