کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 197
پانی کی نجاست کامسئلہ سوال: فقہ حنفی میں پانی کی نجاست کو دور کرنے کے لیے ہدایات ہیں۔قرآن وحدیث سے یہ مسئلہ حل کریں کہ فلاں چیز(چوہاوغیرہ) گرنے سے کنویں سے اتنے ڈول نکالنے چاہیں۔(سید عبدالناصر ،ضلع مردان) الجواب: اس بات پر اجماع ہے کہ اگر نجاست پڑنے سے پانی کا رنگ،ذائقہ اور بوبدل جائے تو پانی ناپاک ہوجاتا ہے۔دیکھئے الاجماع لابن المنذر(ص 33،نص11،12) لہذاایسی صورت میں اتنا پانی نکالا جائے کہ رنگ ،ذائقہ اور بُوصحیح ہوجائے۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس کنویں میں چوہا گر کر مرجائے تو اس کنویں کا پانی نکالا جائے گا۔(شرح معانی الآثار للطحاوی ج1ص 17 وسندہ حسن وآثار السنن ح11،وقال:"اسنادہ حسن") چوہے کو نکالنے کےبعد،اب اتنا پانی نکالا جائے کہ اوصاف ثلاثہ صحیح ہوجائیں اور اگر اوصاف ثلاثہ پہلے سے صحیح ہوں تو کنویں والوں کواختیار ہے کہ اپنے اجتہاد سےجتنے ڈول نکالنا چاہیں نکال لیں۔یاد رہے کہ صاحب ہدایہ مُلا مرغینانی کی یہ بات سخت مضحکہ خیز اور بلادلیل ہے کہ اگر کنویں میں چوہا گر کر مرجائے تو بیس ڈول نکالےجائیں گے اور اگر کبوتر گر کر مرجائے تو چالیس ڈول نکالے جائیں گے۔دیکھئے الہدایہ(ج 1ص 42،43 باب الماء الذی یجوز بہ الوضوء ومالا یجوز بہ) معلوم ہوا کہ حنفیہ کے نزدیک چوہے کی بہ نسبت کبوتر زیادہ نجس ہے۔واللہ اعلم۔(شہادت ،دسمبر 2001ء) جیب میں اذکار کی کتاب اور طہارت سوال: اگر کسی کی جیب میں اللہ کانام،قرآن کی کوئی سورت یادعاؤں کی کتاب ہوتو وہ پیشاب ،پاخانے کے لیے جاسکتا ہے یا نہیں؟جبکہ اس قسم کی روایات(کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ) انگوٹھی اتارتے تھے سب کی سب ضعیف ہیں۔(حبیب اللہ ،پشاور)