کتاب: فتاوی علمیہ المعروف توضیح الاحکام - صفحہ 131
حنفیوں کے ہاتھ کا کمال(اور ہاتھ کی صفائی) ہے کیونکہ حنفیوں نے اپنے مقاصد کےلیے قرآن وحدیث میں تحریف کررکھی ہے اور اس رسالے کے سرورق پر لکھا ہوا ہے کہ: (’’حدیث نور‘‘ کامخطوطہ دریافت کرلیا گیا) ان الفاظ سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اس سے پہلے یہ دریافت نہیں ہوا تھا بلکہ یہ تازہ تازہ مارکیٹ میں آیا ہےالشیخ! آپ براہ مہربانی اس کی تحقیق کریں اور اصل حقائق سے لوگوں کو روشناس کریں۔(جزاکم اللہ خیرا) میں آپ کو’’اہلسنت‘‘ رسالہ بھی رہا ہوں اس کے صفحہ 3 پر یہ مضمون موجود ہے۔(خرم ارشاد محمدی ،دولت نگر ،گجرات) الجواب: اس کا جواب ایک تحقیقی مقالے کی صورت میں پیش خدمت ہے: قلمی اور مطبوعہ کتابوں سے استدلال کی شرائط الحمدللّٰه رب العالمین، والصلوٰۃ والسلام علی رسولہ الامین،اما بعد: قرآن مجید،اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے جو اس نے اپنے بندے اور رسول:محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمائی اور مسلمانوں کے ہاتھوں اور سینوں میں بعینہ ،من وعن محفوظ ہے۔ صحیح بخاری وصحیح مسلم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ من وعن اور بعینہ محفوظ ہیں۔ان دونوں کتابوں کی صحت پر امت مسلمہ کا اجماع ہے۔ دیکھئے علوم الحدیث لابن الصلاح(ص 41،42) واختصار علوم الحدیث(ص 124،128) شاہ ولی اللہ الدہلوی الحنفی فرماتے ہیں:’’صحیح بخاری اور صحیح مسلم کے بارے میں تمام محدثین متفق ہیں کہ ان میں تمام کی تمام متصل اور مرفوع احادیث یقیناً صحیح ہیں۔یہ دونوں کتابیں اپنے مصنفین تک بالتواترپہنچی ہیں،جو ان کی عظمت نہ کرے وہ بدعتی ہے جو مسلمانوں کی راہ کے خلاف چلتا ہے۔‘‘(حجۃ اللہ البالغۃ اردو:1؍242 مترجم :عبدالحق حقانی) ان تینوں کتابوں کے علاوہ دنیا کی کسی کتاب سے بھی استدلال کرنے کے لیے درج ذیل شرائط کا ہونا ضروری ہے: