کتاب: توحید کی آواز - صفحہ 16
کیے جانے والے شبہات کی قلعی بھی کھول دی گئی ہے۔
یوں اگر کہا جائے کہ توحید کے موضوع پر یہ ایک منفرد کاوش ہے تو بے جا نہ ہوگا۔اس کتاب میں علمی باریکیوں کے بجائے عام اسلوب اختیار کیا گیا ہے۔اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ یہ علماء، طلبہ اور عوام سب کے لیے یکساں مفید ہو گی۔
یہ کتاب دارالسلام ریسرچ سنٹر کے سینئر ریسرچ سکالر جناب مولانا عثمان منیب اور حافظ محمد آصف اقبال حفظہما اللہ کی شبانہ روز محنتوں اور ریاضتوں کا نتیجہ ہے۔اس کاوش کے لیے انھوں نے اس موضوع کی تمام اہم متداول کتب سے استفادہ کیا اور پھر اسے قرآن و سنت کے حقائق کی روشنی میں خوبصورت پیرائے میں سمو دیا ہے۔معروف ریسرچ سکالر پروفیسر محمد یحییٰ جلالپوری حفظہ اللہ نے اسے بغور پڑھا، زبان و بیان کے سقم کی اصلاح کی اور مفید مشوروں سے نوازا۔شیخ الحدیث مولانا عبدالصمد رفیقی (فاضل مدینہ یونیورسٹی) اور شیخ محمد ندیم (فاضل ام القریٰ یونیورسٹی مکہ مکرمہ) حفظہما اللہ نے اس پر نظرِ ثانی کی۔جہاں تہاں کوئی غلطی راہ پا گئی تھی، اسے درست کیا اور اسے بہتر سے بہتر بنانے کے لیے اپنی قیمتی آراء سے نوازا۔اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
ناسپاسی ہو گی اگر میں عزیزم محترم حافظ عبدالعظیم اسد صاحب کا ذکر نہ کروں کہ جنھوں نے بڑی محنت، محبت اور عقیدت سے اس کتاب کو بنظر غائر پڑھا۔اس کی ترتیب و تبویب کو بہترین بنانے کے لیے نہ یہ کہ اہم تجاویز دیں بلکہ عملی کردار بھی ادا کیا۔ان تمام باذوق اہل علم کے مساعیٔ جمیلہ کی بدولت جہاں اس کتاب کا معنوی حسن دوبالا ہو گیا ہے، وہاں ظاہری طور پر توحید باری تعالیٰ پر اسے ایک اہم دستاویز کی حیثیت بھی حاصل ہو گئی ہے۔اللہ تعالیٰ انھیں اور جملہ معاونین کو اپنی رحمتوں، برکتوں اور سعادتوں سے نوازے، اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور عوام اور خواص تمام لوگوں کے لیے اسے نافع بنائے، آمین!
والسلام
عبدالمالک مجاہد
جنوری 2018ء منیجنگ ڈائریکٹر دارالسلام لاہور، الریاض