کتاب: تحفۃ المتقین - صفحہ 63
آداب دعاکا جامع بیان (1):باب : دعا کے وقت وضو کا استحباب 113۔حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’....رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی منگوا کر وضو کیا پھر اپنے ہاتھ اٹھا کر فرمایا: ’’ اے اللہ ! عبید ابی عامر کی مغفرت فرما ۔‘‘ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بغلوں کی سفیدی دیکھ رہا تھا۔پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے اللہ! اسے قیامت کے دن اپنی اکثر مخلوق پر فضیلت عطا فرما ۔‘‘ متفق عليه: رواه البخاري في الدعوات (6383)، ومسلم في فضائل الصحابة (2498). (2):باب:دعا کے وقت قبلہ رخ ہونے کا بیان 114۔حضرت عبداللہ بن زید انصاری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں : ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم استسقاء کی نماز کیلئے نکلے، قبلہ رو ہو کر دعا کرنے لگے اور اپنی چادر الٹ دی ۔‘‘ متفق عليه: رواه البخاري في الاستسقاء (1028)، ومسلم (894: 3). 115۔حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ بدر کے دن مشرکین کی طرف دیکھا تو وہ ایک ہزار تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ تین سو انیس تھے۔ اللہ کےنبی صلی اللہ علیہ وسلم نے قبلہ کی طرف منہ فرما کر اپنے ہاتھوں کو اٹھایا؛ اور اپنے رب سے پکار پکار کر دعا مانگنا شروع کر دی۔