کتاب: تحفۃ المتقین - صفحہ 42
نبی مختار صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام کا جامع بیان
(1): باب :نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنے کی فضیلت
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
﴿اِنَّ اللہَ وَمَلٰۗىِٕكَتَہٗ يُصَلُّوْنَ عَلَي النَّبِيِّ ۭ يٰٓاَيُّہَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَيْہِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِيْمًا۵۶﴾ [الأحزاب: 56].
’’ اللہ اور اس کے ملائکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود و سلام بھیجو ۔‘‘
سفیان ثوری اور دیگر کئی اہل علم کا کہنا ہے کہ : رب کی طرف سے صلاۃ[یعنی درود] رحمت ہے۔اور ملائکہ کی طرف سے صلاۃ[یعنی درود]استغفار ہے۔یہ امام ترمذی نے اس آنے والی حدیث کے بعد ذکر کیا ہے ۔
80۔حضرت أبو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں :رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(( من صَلّى عليَّ واحدةً صلّى اللّٰهُ عليه عشرًا .))
’’ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود شریف پڑھے گا ،تو اﷲ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائیں گے۔‘‘ [صحيح: رواه مسلم في الصلاة (408).]
81۔حضرت انس بن مالک رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
’’ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود شریف پڑھے گا ،تو اﷲ رب العالمین اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا ۔ اور اس کی دس خطائیں معاف کی جائیں گی ، اور اس کے دس درجے بلند کئے جائیں گے ۔‘‘
اورآپ سے ہی ایک روایت میں ہے: ’’ جو مجھے یاد کرے اسے چاہیے کہ مجھ پر درود پڑھے۔ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود شریف پڑھے گا ،تو اﷲ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائیں گے۔‘‘