کتاب: تحفۂ وقت - صفحہ 381
اہل حق کی صحبت کے فائدے :
اہل علم زہاد اوراہل ورع و تقوی کی صحبت چھ چیزوں سے چھ چیزوں کی طرف دعوت ہے :
۱: شک سے یقین کی طرف۔
۲: ریا سے اخلاص کی طرف۔
۳: غفلت سے ذکر کی طرف۔
۴: دنیا میں رغبت سے آخرت میں رغبت کی طرف۔
۵: تکبر سے تواضع کی طرف۔
۶: بری صحبت اور افعال سے اچھے کاموں اورنصیحت کی طرف۔
اللہ کے لیے محبت پر انعام :
ایک بار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کرام کی مجلس میں فرمایا:
(( قَالَ اللّٰہُ عَزَّ وَجَلَّ :الْمُتَحَابُّونََ فِي جَلاَلِي لَہُمْ مَنَابِرٌ مِنْ نُوْرٌ یَغْبِطُہُمُ النَّبِیُّونُ وَالشُّہَدَا)) [1]
’’ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :’’ میرے جلال سے محبت کرنے والوں کے لیے نور کے منبر ہوں گے جن پر انبیاء اور شہداء بھی رشک کریں گے۔‘‘
[1] المعجم الکبیر للطبراني برقم ۳۴۳۴۔ سنن الترمذي باب الحب في اللہ برقم ۲۳۹۰۔ علامہ ابو بکر الجزائری نے ’’ منہاج المسلم ‘‘یہ حدیث یوں درج کی ہے؛ مگر ان الفاظ میں مجھے نہیں ملی:(( إِنَّ حَوْلَ الْعَرْشِ مَنَابِرٌ مِنْ نُوْرٌ، عَلَیْھَا أَقْوَامٌ لِّبَاسُھُمْ نُوْرٌ، لَیْسُوْا بِأَنْبِیَائٍ وَّلَا الْشُھَدَائٍ، وَّلٰکِنْ یَغْبِطُھُمْ الأَنْبِیَائُ وَالشُّھَدَائُ، قَالُوا: صِفْھُمْ لَنَا یَارَسُولَ اللٰہِ! قَالَ: الْمُتَحَابُونَ فِي اللّٰٰہِ ، الْمُتَجَالِسُونَ فِيْ اللّٰہِ ، الْمُتَزَاوِرُونَ فِي اللّٰہِ۔)) ((بے شک اللہ تعالیٰ کے عرش کے ارد گرد نور کے منبر ہیں جن پر ایسے لوگ ہیں جن کا لباس بھی نور کا ہے ، وہ نہ تو انبیا ہیں ، اور نہ شہداء، لیکن انبیا اور شہدا ان پر رشک کرتے ہیں ۔ صحابہ کرام e نے عرض کیا: یارسول ا للہ ! ان کی صفات ہمارے لیے بیان کیجیے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ اللہ کی رضا کے لیے باہم محبت کرنے والے ، اللہ کے لیے آپس میں مل بیٹھنے والے، اللہ کی رضا کے لیے ایک دوسرے کی زیارت کو جانے والے))۔