کتاب: تحفۂ وقت - صفحہ 37
کتاب کا خاکہ زیرِنظر کتاب کی تیاری میں مختلف طبقہ ہائے زندگی کے لوگوں پر نظر رکھتے ہوئے اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ اس سے ایک عام اُردو خواں قاری بھی ایسے ہی مستفید ہو سکے جیسے کوئی پڑھا لکھا آدمی استفادہ کرسکتاہے۔ اس غرض کے پیش نظر میں نے اسے تین ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ پہلا باب : ’’ وقت کی قیمت‘‘ کے بیان میں ہے۔ اس کی پہلی فصل میں ’’ وقت کی خصوصیات‘‘ اور اس کے قیمتی ہونے کا ذکر ہے۔ اور دوسری فصل میں ’’فرصت کی گھڑیاں اور لوگوں کی اقسام ‘‘ میں لوگوں کے واقعات کا بیان ہے۔ تیسری فصل میں ’’ دنیا کی حقیقت ‘‘ کا بیان ہے۔ دوسرا باب : ’’ضیاع ِ وقت کے ذرائع ‘‘کا نام دیاگیا ہے ۔ اس باب میں ان امور کا بیان ہے جن کی وجہ سے ہمارا وقت ضائع ہوتاہے ، مگر ہم اس پر توجہ نہیں دیتے۔اس میں پہلی فصل ’’غفلت کیوں کر ‘‘میں ان اسباب کا بیان کیا گیا ہے جن میں الجھ کر ہمارا وقت ضائع ہوتا ہے ۔ اور اپنی وسعت کے مطابق ان تمام امور ان کی قباحتوں کی نشاندھی کرنے کی کوشش کی ہے ۔ تیسرے باب کا عنوان ہے: ’’وقت کو کیسے کار آمد بنایا جائے ۔‘‘ اس باب کے ذیل میں دو فصلیں ہیں ۔ فصل اول : ’’ وقت بچانے کے ذرائع ‘‘میں وقت کے اداری نظام اور اس کے عناصر پر بحث کی گئی ہے۔اور دوسری فصل میں ’’ کرنے کے کام‘‘ کے عنوان سے مختلف امور، اور ان کے فضائل کا ذکر کیا ہے۔ تاکہ استفادہ کرنے والا پوری بصیرت اور اُمنگ کے ساتھ ان امور کو بجالائے۔ اس بات کا بھی دھیان رکھا گیا ہے کہ اگر ایک آدمی بالکل عام اور سادہ ذہن ہو ، اس کے لیے بھی ایسی چیز اس کتاب میں آجائے جس سے وہ فائدہ حاصل کرسکے ۔