کتاب: تحفۂ وقت - صفحہ 365
’’ قرآن میں ایک سورت ہے وہ صرف تیس آیات ہیں ( قیامت والے دن) وہ اپنے پڑھنے والے کی طرف سے جھگڑا کرے گی، یہاں تک کہ اسے جنت میں داخل کردے، اور وہ ہے’’ تبارک۔ ‘‘
یہ سورت حفظ کرنا اور سونے سے قبل اس کا پڑھنا دنیااور آخرت میں فائدہ مند ہوگا۔ علامہ احسان الٰہی ظہیر رحمہ اللہ نے اپنے ایک خطاب میں مولانا ثناء اللہ امرتسری رحمہ اللہ کا واقعہ سنایا ہے:
’’ مولانا امرتسری رحمہ اللہ ا ٓپریشن کے لیے ہسپتال میں داخل تھے ، سرجن ان کو بیہوشی کا انجکشن لگانے کے لیے آیا ، مولانا نے کہا: ڈاکٹر صاحب ! مجھے موقع دیں ، میں سورت ملک پڑھ لوں ، کیونکہ میں نے جب سے یہ حدیث پڑھی ہے کہ جب کوئی انسان سورۃ ملک پڑھ کر سوتا ہے ، وہ صبح تک اللہ کی امان میں رہتا ہے ، اور اگر مر گیا تو سیدھا جنت میں داخل ہوگا۔ ڈاکٹر نے کچھ دیر انتظار کیا ، ابھی سورت ختم نہیں ہوئی کہ اس نے انجکشن لگادیا۔ لیکن اس ہندو ڈاکٹر نے بعد میں اس بات کی گواہی دی کہ مولانا کی زبان اس وقت تک برابر چلتی رہی، جب تک ان کا وظیفہ پورا نہیں ہوگیا۔ ‘‘
وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر
اس کے علاوہ موقع اور وقت کی مناسبت سے فراغت کو غنیمت جانتے ہوئے آخری پارہ ، یاآخری دس سورتیں ، یا چھوٹی آیات والی سورتیں جیسے سورت رحمن اور سورت نجم، اور دیگر سورتیں بھی یاد کی جاسکتی ہیں ، جن کا حفظ کرلیناآسان بھی ہے اور سراسر خیر وبرکت کا باعث بھی۔ اور جو یاد کیا جائے حتی الامکان انسان اسے روزانہ دہرائیں تاکہ بھولنے نہ پائے۔