کتاب: تحفۂ وقت - صفحہ 29
صورت میں میسر آنے والے مواقع کو جو شخص بھی استعمال کر لے گا وہ یقینا اپنے ہدف کو پا کر رہے گا اور منزل تک رسائی اس کے لیے ناممکن نہیں ہو گی۔ اس کائنات میں جو انسان کے لیے دار الامتحان ہے ، مواقع صرف انہی لوگوں کے لیے ہوتے ہیں جو ان کا صحیح استعمال کرلیں اور وہی درحقیقت کامیابی کے حق دار بھی ہیں ۔ یہ کتاب جو اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ہے؛اس کی تالیف کا بنیادی ہدف وقت کی قدر وقیمت کو خاص طور پر اسلامی نقطہ نظر سے اُجاگرکر کے ایک سچے اور راست باز مومن کو تضیع اوقات کے نقصان سے آگاہ کرنا ہے۔مصنف موصوف سیدشفیق الرحمنشاہ دراویحفظہ اللہ نے نہایت عرق ریزی اور جان فشانی سے درد مندی کے احساس کے ساتھ اس کو تالیف کیا ہے۔ اس کتاب میں ایک عام انسان کے لیے بھی اور اُمت مسلمہ کے علمبردارو ں کے لیے بھی رہنمائی کا بیش قیمت لوازمہ مہیا کیا گیا ہے۔ وقت درحقیقت اللہ کریم کی تخلیق ہے بلکہ یہ ایک ایسی تخلیق ہے جسے دیگر مادی تخلیقات سے پہلے وجود عطا کیا گیا۔ وقت تخلیقاتِ خداوندی کے ساتھ انسان کے ربط و ضبط کا ذریعہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قادرِ مطلق کی اس تخلیق پر تفکر و تدبراس کے تقرب الٰہی کا سبب بن جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی ذاتِ اقدس ہی درحقیقت معبودِ برحق ہے۔اس حی و قیوم ذات پر ایمان ، وقت کے معیار پر انسانی زندگی اور دیگر تمام مادی اشیاء کے فانی ہونے اور رب کریم کی ازلی و ابدی ہستی کی بیّن حقیقت کے ادراک سے ہو جاتا ہے۔ ایک بندۂ مومن کے لیے وقت کسی نعمت کبریٰ سے کم نہیں ۔ ایمان ، انسان کا ایک ایسا وصف ہے جو گزرے ہوئے وقت کو اس کے لیے ختم یا محو نہیں ہونے دیتا بلکہ اس کو ہمیشہ کے لیے امر بنا دیتا ہے۔ ایمان انسان کو وقت کے انتظار سے محفوظ رکھتا ہے ، قوتِ عمل کے لیے محرک کا کام دیتا ہے اور لمحہ بہ لمحہ انسان کو زندگی کے نئے باب کھولنے کا داعیہ مہیا کرتا ہے۔ اللہ کی رحمت و مہربانی سے وقت سکڑتا اور پھیلتا ہے، اُمورِ حیات میں آسانیاں پیدا ہو جاتی ہیں ، بند راہیں کشادہ ہو جاتی ہیں ، نئے نئے عنوانات سے کام کرنے کے مواقع میسر آتے