کتاب: تحفۂ وقت - صفحہ 241
تیسرا باب : وقت کو کیسے کار آمد بنایا جائے ؟ تمہید: اس باب میں اللہ کے فضل وکرم سے پہلے انسانی زندگی میں کارآمد وقت کی قیمت بیان کی جائے گی کہ ہم اس ایک منٹ میں اگرکچھ کرنا چاہیں تو کیا کرسکتے ہیں ۔پھرپہلی فصل میں وقت بچانے میں مدد گار امور کا بیان ہوگا۔ دوسری فصل میں وقت ضائع ہونے کے اسباب کا بیان ہوگا تاکہ انسان ان چیزوں سے اجتناب کرسکے، اور اس کا یہ اہم سرمایہ محفوظ رہے۔ تیسری فصل میں ان امور کا بیان ہوگا جن کا کرنا دین اورعاقبت کے لحاظ سے بہتر ہے۔ چوتھی مختصر سی فصل میں حسب قدرت مختلف اداروں ، اور دفاتر میں کام کرنے والے افراد کے لیے کچھ باتیں بیان کی گئی ہیں ۔ آخر میں دنیاوی امور میں مہارت سے متعلق کچھ گزارشات پیش کی جائیں گی، کیونکہ اسلام رہبانیت کا دین نہیں ہے، بلکہ اسلام ہمیں دنیا سے بھی اپنا نصیب حاصل کرنے کی اتنی ہی تعلیم دیتا ہے جتنی عبادتِ الٰہی کی۔ انسان پر اللہ تعالیٰ کے بڑے بڑے انعامات اور اس کے لیے خیر خواہی کے ارادہ کی نشانیوں میں ایک یہ بھی کہ اللہ تعالیٰ اسے وقت کو خرچ کرنے کی سمجھ عطا فرمادیں اوراس سے وہ کام لے لیں جو اس کی دنیا اور آخرت کے لیے بہتر ہو۔ ****