کتاب: تحفہ شیعیت - صفحہ 311
وہ آیات جو یہود کے ہاں تورات میں تحریف پر دلالت کرتی ہیں، دو قسم کی ہیں :
پہلی قسم:… خاص تورات میں یہودی تحریف پر آیات کی دلالت
دوسری قسم:… عمومی یہودی تحریف پر دلالتِ آیات۔
پہلی قسم: خاص تورات میں یہودی تحریف پر آیات کی دلالت:
قرآن کریم میں یہ بات ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کو تختیوں پر لکھی ہوئی تورات دی تھی۔ اس میں بنی اسرائیل کے لیے وعظ و نصیحت اور ہر شے کا تفصیلی بیان تھا۔اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی موسیٰ علیہ السلام کو حکم دیا تھا کہ اس تورات کے احکام کو قبول کریں اور ان کو اپنے لیے لازم کرلیں۔ اور اپنی قوم کو حکم دیں کہ وہ ان اچھی باتوں کو قبول کریں ؛ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
﴿ وَکَتَبْنَا لَہُ فِی الْأَلْوَاحِ مِنْ کُلِّ شَیْئٍ مَّوْعِظَۃً وَّتَفْصِیْلًا لِّکُلِّ شَیْئٍ فَخُذْہَا بِقُوَّۃٍ وَأْمُرْ قَوْمَکَ یَأْخُذُوْا بِأَحْسَنِہَا سَأُرِیْکُمْ دَارَ الْفَاسِقِیْنَ﴾ (الاعراف:۱۴۵)
’’اور ہم نے چند تختیوں پر ہر قسم کی نصیحت اور ہرچیز کی تفصیل ان کو لکھ کر دی تم ان کو پوری طاقت سے پکڑ لو اور اپنی قوم کو حکم کرو کہ ان کے اچھے اچھے احکام پر عمل کریں اب بہت جلد تم لوگوں کو ان بے حکموں کا مقام دکھلاتا ہوں۔‘‘
دوسری آیت میں اللہ تعالیٰ نے اس بات کی خبر دی ہے کہ(موجودہ) تورات انہوں نے اپنے ہاتھ سے لکھی ؛ اور اس میں بہت سی باتوں کوانہوں نے چھپادیا۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں :
﴿ وَ مَا قَدَرُوا اللّٰہَ حَقَّ قَدْرِہٖٓ اِذْ قَالُوْا مَآ اَنْزَلَ اللّٰہُ عَلٰی بَشَرٍ مِّنْ شَیْئٍ قُلْ مَنْ اَنْزَلَ الْکِتٰبَ الَّذِیْ جَآئَ بِہٖ مُوْسٰی نُوْرًا وَّ ہُدًی لِّلنَّاسِ تَجْعَلُوْنَہٗ قَرَاطِیْسَ تُبْدُوْنَہَا وَ تُخْفُوْنَ کَثِیْرًا وَ عُلِّمْتُمْ مَّا لَمْ تَعْلَمُوْٓا اَنْتُمْ وَ لَآ اٰبَآؤُکُمْ قُلِ اللّٰہُ ثُمَّ ذَرْہُمْ فِیْ خَوْضِہِمْ یَلْعَبُوْنَ ﴾ (الانعام: ۹۱)
’’اور ان لوگوں نے اللہ کی جیسی قدر کرنا واجب تھی ویسی قدر نہ کی جب کہ یوں کہہ دیا کہ اللہ نے کسی بشر پر کوئی چیز نازل نہیں کی ؛آپ یہ فرمادیں ؎وہ کتاب کس نے نازل کی ہے جس کو موسی علیہ السلام لائے تھے جو کہ نور ہے اور لوگوں کے لئے ہدایت ہے جس کو تم نے ان متفرق اوراق میں رکھ چھوڑا ہے جن کو ظاہر کرتے ہو اور بہت سی باتوں کو چھپاتے ہو اور تم کو بہت سی ایسی باتیں بتائی گئی ہیں جن کو تم نہیں جانتے تھے اور نہ تمہارے بڑے۔آپ فرما دیجئے کہ اللہ نے نازل فرمائی۔ پھر ان کو ان کے خرافات میں کھیلتے رہنے میں چھوڑ دیجئے۔‘‘