کتاب: تحریک آزادی فکر اور شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ کی تجدیدی مساعی - صفحہ 73
9۔ زیارتِ قبور:
قبروں کی مسنون زیارت، قبور پرعرس اور میلے، قبرپرستی کی حرمت اور اس کے متعلقہ دیگر مباحث پر مشتمل یہ مضمون پہلی بار”فاران“ کراچی کے”توحید نمبر“ میں شائع ہوا تھا۔
10۔ مسلکِ اہلحدیث کے بارے میں چند اہم سوالات اور ان کے جوابات:
1966ء میں جناب عبدالحق(بی۔ اے، ایل۔ ایل۔ بی) نے حضرت مولانامحمد اسماعیل سلفی رحمہ اللہ کی خدمت میں مسلک اہلحدیث کےمنہج اور طرز فکر وعمل کے بارے میں چودہ سوالات ارسال کیے جن کا حضرت سلفی رحمہ اللہ نے نہایت تسلی بخش جواب دیا۔
یہ سوالات وجوابات پہلی بار ہفت روزہ الاعتصام لاہور(3/جون 1966ء) میں شائع ہوئے تھے۔
11۔ نماز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا تصور:
بریلوی حضرات حاملینِ مسک اہلحدیث کے بارے میں عموماً جو اتہامات عوام الناس میں نشر کرتے ہیں، ان میں ایک یہ تہمت بھی شامل ہے کہ اہلحدیث حضرات کے نزدیک، نعوذباللہ۔ نمازمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا تصور گاؤ وخر کے خیال سے بھی بُرا ہے۔ گوجرانوالہ کے ایک بریلوی مولوی ابوداود محمد صادق کی زبان سے ایسی ہی الزام تراشی سن کر ایک شخص نے مولانا سلفی رحمہ اللہ کی خدمت میں تحقیق حال کے لیے خط لکھا۔ جس کے جواب میں حضرت سلفی رحمہ اللہ نے حقیقت حال کی وضاحت کی کہ ہمارا ایسے عقیدے اور فکر سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ سراسر بہتان اور الزام تراشی ہے۔
یہ استفسار اور اس کا جواب پہلی بارہفت روزہ”الاعتصام“ لاہور(3/نومبر 1967ء) میں اشاعت پزیر ہوا۔