کتاب: تحریک آزادی فکر اور شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ کی تجدیدی مساعی - صفحہ 68
تحریک ِ آزادی ِ فکر:
حضرت سلفی رحمہ اللہ کی مختلف تحریرات پر مشتمل یہ مجموعہ قارئین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے، جس میں اُن کے گیارہ مقالات اور رسائل شامل ہیں۔ یہ مجموعہ پہلی مرتبہ مولانا سلفی رحمہ اللہ ہی کی زندگی میں نومبر 1966ء کو شائع ہوا تھا، جس میں ان کے سات عدد مقالات:1۔ تحریکِ اہلحدیث کا مدوجزر، 2۔ تحریکِ اہلحدیث کا تاریخی موقف اور خدمات، 3۔ برصغیر پاک وہند میں اہلِ توحید کی سرگرمیاں، 4۔ ترکِ تقلید اور اہلحدیث، 5۔ مسئلہ تقلید پرتحقیقی نظر، 6۔ اہلحدیث کی اقتدا،۔ 7۔ ایک مقدس تحریک جو مظالم کا تختۂ مشق بنی رہی۔ شامل تھے۔
بعد ازاں حضرت سلفی رحمہ اللہ کی وفات کے بعد مارچ 1978ءکو اس کتاب کا تیسرا اڈیشن شائع ہوا تو اس میں کتاب کے مرتب مولانا محمد حنیف یزدانی رحمہ اللہ نے ان چار مقالات:1۔ مسئلہ حیات النبی،۔ 2۔ زیارت ِ قبور،۔ 3۔ مسلک اہلحدیث کے بارے میں چند سوالات اور ان کے جوابات، 4۔ نماز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا تصور۔ کا بھی اضافہ کردیا۔ چنانچہ اب یہ کتاب مذکورہ بالا گیارہ مقامات ورسائل پرمشتمل ہے۔
قارئین کرام کی خدمت میں ا ب یہی کتاب مزید تصحیح اور تحقیق وتخریج کےساتھ پیش کی جارہی ہے، جس میں مختلف اغلاط کی تصحیح میں مقدور بھر کوشش کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یہ بات بالخصوص قابل ذکر ہے کہ ہمیں حضرت سلفی رحمہ اللہ کے حفید محترم حافظ اسعد محمود سلفی حفظہ اللہ کےتوسط سے اس کتاب”تحریکِ آزادیِ فکر“ کا وہ قیمتی نسخہ بھی دستیاب ہوگیا، جو مولانا سلفی رحمہ اللہ کے زیر مطالعہ تھا اور اس میں متعدد مقامات پرانھوں نے تصحیح کی ہوئی تھی۔ ہم نے کتاب کی اس طباعت میں ان کے ذاتی نسخے سے مکمل استفادہ کیا ہے۔ والحمدلله علي ذلك۔
ذیل میں ان مقالات ورسائل کا مختصر تعارف ملاحظہ کریں: