کتاب: تحریک آزادی فکر اور شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ کی تجدیدی مساعی - صفحہ 457
مسئلہ حیات النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک سوال
اور
مدیر”تجلی“دیوبند کا تحقیقی جواب
سوال:
لاہور سے ”رحیق“نامی ایک ماہنامہ نکلتا ہے۔ یہ اہل حدیث حضرات کا آرگن ہے۔ اس کی چند اشاعتوں میں ”حیات النبی“کے مسئلے پر ایک خاص غلو پسندانہ انداز میں کلام کیا گیا ہے۔ خصوصاً آخری قسط مئی (58ء)میں علمائے دیوبند حتی کہ قاسم العلوم والخیرات حجۃ اللہ مولانا محمد قاسم رحمۃ اللہ علیہ تک کی تقلیل و تخطیہ میں کسر اٹھا کے نہیں رکھی گئی ہے۔ کاش آپ اس مضمون کو ملاحظہ فرمائیں اور جو قلم مولانا مودودی اور جماعت اسلامی کی تائید میں دفتر کے دفتر گھسیٹ دیتا ہے، وہ اپنے لائق صد احترام اکا بر واسلاف کی حمایت میں بھی جو لانی دکھائے اور تمام ائمہ سے بڑھ کر اپنے آپ کو صاحب علم اور عقیل و فہیم سمجھنے والے اہلحدیث کی جسارتوں کا جواب لائے۔
امید ہے کوشش کرکے ”رحیق“حاصل کریں گے اور اپنے اکابر کی حمایت سے نہیں چوکیں گے۔ ویسے بھی”حیات النبی“کے مسئلے میں رحیق کے مضمون نگار کی رائے لطیف طریقے پر توہین رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر منجرہوتی ہے، جس کا ازالہ نہایت ضروری ہے۔