کتاب: تذکرہ محدث العصر علامہ محمد عبد الرحمن مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 64
نواب صدیق حسن خاں رحمہ اللہ کی خدمتِ حدیث: حضرت مولانا سید نواب صدیق حسن خاں(المتوفی ۱۳۰۷ھ)نے مصنف’’تراجم علماے حدیث ہند’‘کی تحقیق کے مطابق،حدیث اور متعلقاتِ حدیث پر عربی،فارسی،اور اردو میں(۳۳)کتابیں تالیف فرمائیں۔ان کی تفصیل یہ ہے: عربی: ۱۹ فارسی: ۴ اردو: ۱۰ میزان: ۳۳ مصنف تراجم علماے حدیث ہند لکھتے ہیں : ’’حضرت نواب صاحب نے حدیث میں’’بلوغ المرام من أدلۃ الأحکام’‘کی تین شرحیں’’مسک الختام وفتح العلام بشرح بلوغ المرام والروض البسام من ترجمۃ بلوغ المرام’‘لکھیں۔’’الجامع الصحیح للبخاري’‘کی شرح بنام’’عون الباري’‘قلم بند کی۔’’السراج الوہاج في شرح مختصر الصحیح مسلم بن الحجاج’‘کے نام سے صحیح مسلم کو واضح کیا۔‘‘(ہندوستان میں اہلِ حدیث کی علمی خدمات،ص: ۲۷) مولانا محمد عطاء اللہ حنیف رحمہ اللہ(المتوفی ۱۹۸۷ء)فرماتے ہیں : ’’نواب صاحب نے اصولاً شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمہ اللہ کے فقہی نقطہ نظر کی بنیاد پر ۱۲۷۸ھ میں بلوغ المرام کی فارسی شرح’’مسک الختام‘‘،۱۲۹۴ھ میں’’تجرید صحیح البخاري للشرجي’‘کی شرح’’عون الباري’‘۱۲۹۹ھ میں صحیح مسلم للمنذری کی شرح’’السراج الوہاج’‘تالیف فرمائیں۔’‘ (حیاتِ ثنائی،طبع دہلی،ص: ۳۴۸)