کتاب: تذکرہ محدث العصر علامہ محمد عبد الرحمن مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 283
پھر میں نے مذکورہ فہرست کا پتا لگایا تو وہ مجھے مولانا مبارکپوری کے پرپوتے جناب حکیم سیف الرحمن صاحب احوذی کے پاس مل گئی،جس کی فوٹو کاپی میرے پیشِ نظر ہے۔ یہ فہرست کسی نور محمد نامی صاحبِ علم نے ۱۳۱۵ھ میں تیار کی تھی،جو کتب خانہ قلمی دار العلوم جرمن کی ۱۹۵،عثمانیہ کتب خانہ قسطنطنیہ کی ۷۴ اور کتب خانہ محمودیہ مدینہ منو رہ کی ۱۵۵ نادر و نایاب قلمی کتابوں پر مشتمل ہے،اس طرح کل ۴۲۴ کتابوں کی یہ فہرست تفسیر،حدیث،شروحِ حدیث،اسماء الرجال والاسانید،تاریخ و سیرت،تعبیر رویا،فقہ،مناسک اور عقائد وغیرہ کے موضوعات پر ہے۔ کتب خانہ قلمی دار العلوم جرمن کی فہرست نقل کرنے کے بعد شیخ نور محمد صاحب لکھتے ہیں : ’’اسی قدر کتب خانہ نایاب علمِ حدیث و تاریخ و اسماء الرجال و شروح وغیرہ کی اس کتب خانہ یعنی جرمن میں موجود ہیں اور یہ کتب خانہ ما سوا اس کتب خانہ کے ہے،جس کی فہرست طبع ہو چکی ہے،اس میں بھی بعض نایاب کتابیں ہیں،لیکن اس سے زیادہ نہیں،اﷲ کی مرضی،یہ کسی کا ذاتی کتب خانہ تھا،حال میں سرکار جرمن کے انتظام میں ہوگیا ہے،اس لیے اس کے ورثا میں کوئی باقی نہیں رہا،اﷲ تعالیٰ کی حکمت کہ مسلمین کی کتابیں نصرانیوں کے قبضہ میں آئیں اور وہ ان کی پوری طور قدر کریں،نہایت حفاظت سے رکھیں اور مسلمانوں کو شوق کچھ نہ ہو۔مسلمانو! اس کتب خانہ کو دیکھ کر روح کو فرحت ہوتی ہے،اگر فقط یہ فہرست طبع ہوجائے تو مسلمانوں کو معلوم ہوجائے کہ یہ کتابیں بھی ابھی دنیا میں موجود ہیں،وللّٰه الحمد۔‘‘ بقلم: نور محمد تاریخ یکم شوال بروز چہار شنبہ ۱۳۱۵ھ فقط۔