کتاب: تذکرہ محدث العصر علامہ محمد عبد الرحمن مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 246
تنقید الجوہر النقي: یہ رسالہ علامہ ماردینی کی’’الجوہر النقي’‘پر تنقید ہے۔خود حضرت محدث مبارک پوری رحمہ اللہ نے اس کا ذکر کیا ہے۔فرماتے ہیں : ’’الجوہر النقی کی حقیقت اچھی طرح سے اس وقت ظاہر ہو گی،جب ہمارا رسالہ تنقید الجوہر چھپ کر شائع ہو گا۔’‘ان شاء اللہ (القول السدید،طبع لاہور،ص: ۱۵۵) 10۔شرح موطا امام مالک(عربی): آخر میں مولانا مبارک پوری رحمہ اللہ نے موطا امام مالک کی شرح لکھنے کا قصد کیا تھا اور اس سلسلے میں کچھ مواد بھی جمع کر لیا تھا،مگر عمر نے وفا نہ کی۔ 11۔رسالہ ترجمان: مولانا محمد ادریس نگرامی مرحوم(تذکرہ علماے حال،ص: ۴۳)میں لکھتے ہیں کہ جب مولانا عبد الرحمن محدث مبارک پوری رحمہ اللہ مدرسہ آرہ بہار میں مدرس تھے اس وقت یہ رسالہ قلمبند فرمایا تھا۔ 12۔القول الحسن کا جواب: مولانا ظہیر احسن شوق نیموی کے صاحبزادے مولانا عبد الرشید فوقانی صاحب نے مولانا مبارک پوری رحمہ اللہ کی کتاب’’أبکار المنن‘‘(عربی)کا جواب’’القول الحسن’‘کے نام سے لکھا اور طباعت سے پہلے اس کا مخطوطہ حضرت مبارک پوری رحمہ اللہ کو ارسال کیا اور مولانا مبارک پوری کو اس کے ساتھ ایک مکتوب لکھا کہ آپ’’القول الحسن’‘کا جواب جب جواب تیار ہو جائے تو میرے پاس اس کی نقل بذریعہ رجسٹری بھیج دینا۔ 13۔نور العینین: مولانا عبد الرشید فوقانی صاحب اپنے ایک مکتوب میں حضرت محدث مبارک پوری رحمہ اللہ کو لکھتے ہیں : سنا ہے آپ نے ایک رسالہ’’نور العینین’‘لکھا ہے۔اس کا ایک نسخہ روانہ فرمایے۔ (مقالات مبارک پوری،ص: ۵۰ تا ۵۲،دبستانِ حدیث،ص: ۱۹۱،تراجم علماے حدیث ہند،ص: ۴۰۶،۴۰۷)