کتاب: تذکرہ محدث العصر علامہ محمد عبد الرحمن مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 240
محقق اہلِ حدیث مولانا ارشاد الحق اثری رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’نمازِ عیدین میں تکبیرات کتنی ہیں ؟ اس رسالہ میں اس کی وضاحت کی گئی ہے۔یہ رسالہ حضرت مصنف رحمہ اللہ کا علمی شاہکار ہے۔اس رسالے کا پہلا اڈیشن مطبع کلیمی کلکتہ سے شائع ہوا تھا۔صفحات ۴۰ سنہ اشاعت ندارد۔اس کا ایک اڈیشن ۱۹۷۸ء میں اہلِ حدیث اکادمی لاہور نے شائع کیا تھا۔صفحات: ۷۶۔‘‘ کتاب الجنائز: یہ کتاب اردو زبان میں ہے۔اس میں انسان کی وفات سے تدفین تک ضروری مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں بیان کیے گئے۔ حضرت مولف رحمہ اللہ اس کتاب کے بارے میں فرماتے ہیں : ’’خاکسار محمد عبد الرحمن مبارک پوری مسلمانوں کی خدمت میں ملتمس ہے کہ اردو زبان میں کوئی ایسا رسالہ دیکھنے میں نہیں آیا،جس میں جنائز کے متعلق تمام وہ ضروری احکام و مسائل جمع کیے گئے ہوں،جو احادیث سے ثابت ہوں اور جسے ہر اردو دان پڑھ کر اپنے موتیٰ کی تجہیز و تکفین سنت کے مطابق اچھی طرح کر سکے اور جو اہلِ علم کو بھی بالجملہ مفید ہو۔ ’’میرے والدِ محترم(جن کو ہر امر میں اتباعِ سنت کا بہت زیادہ خیال رہتا تھا۔غفرللّٰہ ورضي اللّٰہ عنہ)نے مجھ سے ارشاد فرمایا کہ میں ایک ایسا رسالہ اردو زبان میں لکھ دوں۔میں نے رسالہ لکھنا شروع کیا،مگر اس کی تکمیل سے پہلے ہی بروز جمعہ ماہِ رمضان المبارک ۱۳۳۰ھ/۱۹۱۲ء ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘ (مقالاتِ مبارک پوری،ص: ۲۵۷) اس کتاب میں ایک مقدمہ اور دس ابواب ہیں۔ابواب کی تفصیل درجہ ذیل ہے: