کتاب: تعزیہ داری علمائے امت کی نظر میں - صفحہ 9
ماہ محرم: اہمیت اور مسائل اللہ رب العزت نے انسان کو پیدا کرنے کے بعد اس کو زندگی گزارنے کے لئے شریعت نازل کرکے ہر طرح اس کی رہنمائی فرمائی۔اس دنیا میں انسان کو کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے اس کو قرآن اور حدیث کے ذریعہ واضح طور پر بیان کردیا۔اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام کے تعلق سے شرعی تعلیمات کیا کہتی ہیں،اس مہینہ میں کیا کرنا چاہئے اور کن چیزوں سے بچنا چاہئے سطور ذیل میں مختصراََ انہیں بیان کیا جارہا ہے: ۱- حرمت والا مہینہ: قرآن کریم کی سورہ توبہ کی آیت نمبر(۳۶)میں کہا گیا ہے کہ﴿إِنَّ عِدَّۃَ الشُّہُورِ عِندَ اللّٰهِ اثْنَا عَشَرَ شَہْراً فِیْ کِتَابِ اللّٰهِ یَوْمَ خَلَقَ السَّمَاوَات وَالأَرْضَ مِنْہَا أَرْبَعَۃٌ حُرُمٌ﴾اللہ تعالی کے یہاں مہینوں کی تعداد(۱۲)ہے،اور ان میں سے چار مہینے حرمت وادب والے ہیں،بخاری ومسلم میں مروی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث میں بیان کیا گیا ہے کہ وہ چار مہینے یہ ہیں:(۱)ذو القعدہ(۲)ذو الحجہ(۳)محرم(۴)رجب۔ان مہینوں میں قتل وقتال اور لوٹ مار وغیرہ خاص طور سے ممنوع ہیں اور ان مہینوں کے ادب واحترام کا تاکیدی حکم دیا گیاہے۔