کتاب: توحید اسماء و صفات - صفحہ 29
آپ اپنی زبان سے اس کا ذکر کریں ؛کیونکہ وہ’’ السمیع ‘‘یعنی سننے والا ہے ۔
آپ اپنے اعضاء سے اس کی بندگی کریں ؛کیونکہ وہ ’’البصیر ‘‘دیکھنے والا ہے ۔
آپ تنہائیوں اور دل کی گہرائیوں سے اس سے ڈرتے رہیں ؛کیونکہ وہ ’’اللطیف الخبیر‘‘ یعنی بڑا ہی باریک بین اور باخبر رہنے والا ہے۔اس طرح دیگر اسماء وصفات کے تقاضوں پر غور کرتے جائیے ۔
اس کتاب کا سببِ تألیف:
توحیدِ اسماء وصفات کے علم کے اس مقام ومرتبہ کے پیشِ نظر ،اور نیز یہ دیکھتے ہوئے کہ اس علم کے حوالے سے لوگوں کی گفتگوکبھی تو مبنی برحق ہوتی ہے اور کبھی محض باطل،اور باطل گفتگوکے پیچھے کبھی تو ان کی جہالت کا رفرما ہوتی ہے اور کبھی تعصب،میں نے یہ بہتر سمجھا کہ اس مبارک علم کے حوالے سے کچھ قواعد تحریر کردوں۔
اللہ تعالیٰ سے اس امید اور دعا کے ساتھ کہ وہ میرے اس عمل کو اپنی ذات کیلئے خالص اور اپنی رضا کے عین موافق بنادے ،نیز اسے اپنے بندوں کیلئے نفع بخش بنادے ۔میں نے اس رسالے کا نام ’’اَلْقَوَاعِدُ الْمُثْلٰی فِیْ صِفَاتِ ﷲِ وَأَسْمَائِہِ الْحُسْنٰی‘‘رکھا ہے ۔(محمد صالح عثیمین)