کتاب: توحید اسماء و صفات - صفحہ 17
مقدمہ از مترجم بسم ﷲ والحمد للہ والصلاۃ والسلام علی رسول ﷲ۔وبعد: زیرِ نظر مختصر مگرانتہائی جامع رسالہ موسوم بہ’’توحید اسماء وصفات ‘‘ دیارِعرب کے عظیم محدِث اور فقیہ فضیلۃ الشیخ محمد الصالح العثیمین رحمہ اللہ کی انتہائی عظیم الشان ،رفیع القدر اورجامع تألیف موسوم بہ’’القواعد المثلیٰ فی صفات ﷲ وأسمائہ الحسنی‘‘ کا اردوترجمہ ہے۔ اس کتاب کا موضوع توحید اسماء وصفات ہے،جوتوحید کی انتہائی اہم قسم ہے،علماء کرام نے توحید اسماء وصفات کے علم کو تمام علوم سے اعلیٰ ،أشرف اوراہم قرار دیا ہے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ فرماتے ہیں:(مزید فرماتے ) ’’ وباب الصفات من أھم أبواب الاسلام ومن أشرف المعارف الإلٰھیہ وأعظم العلوم ‘‘ یعنی اللہ تعالیٰ کی صفات کاباب،ابواب اسلام میں سب سے اہم،معارفِ الٰہیہ میں سب سے اشرف واکرم اورتمام علوم میں سب سے اعظم علم ہے… اسکی وجہ بہت واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی کامل معرفت ،اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات اور افعال فی الخلق کی معرفت کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی،یہی وجہ ہے کہ قرآنِ حکیم میں اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات وافعال کا ذکر دیگر احکام کے ذکر سے کہیں زیادہ ہے،بعض علماء نے توتوحید اسماء وصفات کو نصف ِایمان قرار دیا ہے۔