کتاب: تصوف میں شیخ اور تصور شیخ - صفحہ 6
کتاب: تصوف میں شیخ اور تصور شیخ
مصنف: اسعد اعظمی
پبلیشر: مکتبہ الفہیم مئوناتھ انڈیا
ترجمہ:
بسم اللّٰه الرحمن الرحیم
مقدمہ طبع ثانی
الحمد للّٰه رب العالمین،والصلاۃ والسلام علی خاتم النبیین،سیدنا محمد وعلی آلہ وصحبہ ومن تبعھم بإحسان إلی یوم الدین،أما بعد:
زیر نظرکتاب کا پہلا ایڈیشن ۲۰۰۲ء میں دو الگ الگ کتاب کی شکل میں شائع ہوا تھا۔پہلی کتاب ’’اہل طریقت کے نزدیک شیخ کا مقام ومرتبہ‘‘ کے نام سے،اور دوسری کتاب ’’اہل تصوف کی اصطلاح میں تصور شیخ‘‘ کے نام سے۔دونوں کتابوں کے نسخے کافی عرصہ پہلے ختم ہوچکے تھے اور ضرورت محسوس ہورہی تھی کہ ان دونوں کتابوں کو از سر نو شائع کیا جائے۔چونکہ اصل میں یہ دونوں کتابیں ایک ہی موضوع کا دو حصہ تھیں اس لیے طے پایا کہ دونوں کو ایک دوسرے میں ضم کرکے ایک کتاب کی شکل دے دی جائے اور پہلی کتاب کو حصہ اول اور دوسری کو حصہ دوم قرار دیا جائے۔اس مجموعے کا نام ’’تصوف میں شیخ اور تصور شیخ‘‘ تجویز کیا گیا ہے۔
اس جدید اشاعت میں خواہش کے باوجود کوئی قابل ذکر اضافہ نہیں کیا جاسکا۔کتاب کی نئے سرے سے کمپوزنگ ہوئی ہے اور قرآنی آیات کو اعراب کے ساتھ درج کیا گیا ہے۔سابقہ ایڈیشن کی بعض فرو گذاشتوں کی تصحیح بھی کر دی گئی ہے۔دونوں کتابوں کے طبع اول کے مقدموں کو علی حالہٖ باقی رکھا گیا ہے تاکہ تالیف کا پس منظر اور مؤلف کے احساسات کی از سر نو ترجمانی کی ضرورت نہ پڑے۔
اللہ تعالیٰ مکتبہ الفہیم کے ذمہ داران کو جزائے خیر دے کہ انھوں نے اس ایڈیشن کو نئے قالب اور دیدہ زیب ومعیاری طباعت کے ساتھ شائع کرکے قارئین کے ہاتھوں تک پہنچایا۔حفظھم اللّٰه وبارک في جھودھم۔
۵/ذی الحجہ ۱۴۳۶ھ اسعد اعظمی
۲۰/ستمبر ۲۰۱۵ء جامعہ سلفیہ،بنارس،الہند