کتاب: تاریخ اسلام جلد دوم (اکبر شاہ) - صفحہ 78
روح پر شب خون مارا اور اس کو قتل کر دیا۔
ادریس بن عبداللہ کا ذکر اوپر آ چکا ہے کہ وہ ہادی کے عہد خلافت میں جنگ فنح سے فرار ہو کر بلاد مغرب کی طرف فرار ہو گئے تھے۔ وہاں انہوں نے بربریوں میں اپنی امامت کی دعوت شروع کی اور ۱۷۲ھ میں شہر دلیلہ کے اندر خروج کر کے علانیہ لوگوں سے بیعت لی اور ملک مراکش میں اپنی سلطنت قائم کر لی، علویوں کی سب سے پہلی حکومت تھی جو مراکش میں قائم ہوئی۔ عالم اسلامی میں اندلس کا ملک خلافت عباسیہ کے دائرہ سے باہر اور ایک جداگانہ مستقل سلطنت تھی۔ اب دوسرا ملک مراکش بھی خلافت عباسہ سے نکل گیا۔
ہارون الرشید نے اس خبر کو سن کر سلیمان بن جریر المعروف بہ شماخ کو جو اس کا غلام تھا، مراکش کی جانب تنہا روانہ کیا کہ ادریس بن عبداللہ کا کام تمام کر کے آئے۔ چنانچہ شماخ نے وہاں پہنچ کر ادریس بن عبداللہ کے ہاتھ پر بیعت کی اور ہارون الرشید کی برائیاں بیان کر کے ادریس کی خدمت میں تقرب حاصل کر لیا اور موقع کا منتظر رہا۔ چنانچہ ۱۷۷ھ میں زہر کے ذریعہ ادریس بن عبداللہ کا کام تمام کر کے واپس چلا آیا۔ مگر اس سلطنت کا جو ادریس نے قائم کی تھی سلسلہ اس طرح قائم رہا کہ ادریس بن عبداللہ کی وفات کے بعد اس کی کسی کنیز کے پیٹ سے لڑکا پیدا ہوا، اس کا نام بھی بربریوں نے ادریس ہی رکھا اور پھر اس کو اپنا امام بنایا۔ ادریسی سلطنت کا ذکر بعد میں کیا جائے گا۔
چند روز کے بعد علاقہ تونس میں بھی عباسیہ حکومت براہ راست قائم نہ رہی بلکہ وہاں بھی ایک جدا حکومت قائم ہو کر برائے نام خلافت عباسیہ کی سیادت باقی رہ گئی تھی، اس طرح کافی مغربی حصہ حکومت عباسیہ سے خارج ہو گیا۔
۱۷۲ھ میں محمد بن سلیمان گورنر بصرہ نے وفات پائی۔ ہارون الرشید نے اس کے مال و اسباب کو ضبط کر کے بیت المال میں داخل کر دیا۔ اس سے پیشتر محمد بن سلیمان کے حقیقی بھائی جعفر بن سلیمان نے مسلمانوں کے مال غنیمت کو غصب کر کے بہت سا مال جمع کر لیا تھا۔ اب جب کہ محمد بن سلیمان کی وفات کے بعد جعفر اس کے ترکہ کا مدعی ہوا تو ہارون الرشید نے اس کے بجائے اسحق بن سلیمان کو سندھ ومکران کی حکومت پر مامور کیا اور یوسف بن امام ابو یوسف کی زندگی میں عہدہ قضا پر مامور کیا۔
امین کی ولی عہدی :
ہارون الرشید کے بیٹے مامون الرشید کی پیدائش کا ذکر تو اوپر آ چکا ہے کہ وہ ہارون الرشید کی تخت نشینی کے وقت ۱۷۰ھ میں پیدا ہوا تھا، مگر مامون الرشید مراجل نامی ام ولد کے پیٹ سے پیدا ہوا تھا جو