کتاب: تاریخ اسلام جلد دوم (اکبر شاہ) - صفحہ 755
چوبیسواں باب: رومی سلطنت عثمان خان کے بعد اس کا بیٹا ارخان تخت نشین ہوا جو دوسرا عثمانی سلطان ہے۔ ارخان کا تذکرہ لکھنے سے پیشتر ضروری معلوم ہوتا ہے کہ رومی سلطنت کا مجمل تذکرہ کر دیا جائے تاکہ ان حالات اور ان فتوحات کے سمجھنے میں آسانی ہو جو ارخان کے عہد حکومت میں وقوع پذیر ہوئے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے پونے چھ سو سال پیشتر ملک اطالیہ کے اندر سلویا نامی ایک کنواری لڑکی کے پیٹ سے دو توام لڑکے پیدا ہوئے۔ ایک کا نام رومولس اور دوسرے کا نام ریموس رکھا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ دونوں بچے مریخ دیوتا کے نطفہ سے پیدا ہوئے تھے۔ سلویا نامی کنواری لڑکی ولسٹا دیوی کے مندر کی پجارن تھی۔ جہاں مریخ دیوتا نے آکر اس کو حاملہ کیا تھا۔ رومولس اور ریموس کو پیدا ہونے کے بعد کسی کشتی یا ٹوکری میں رکھ کر دریا میں ڈال دیا گیا تھا۔ پانی کی موجوں نے ان کو جنگل یا پہاڑ کے دامن میں ساحل پر ڈال دیا وہاں ایک مادہ گرگ نے آکر ان کو دودھ پلایا اور ان کی حفاظت کرنے لگی۔ اس طرح بھیڑیئے کا دودھ پی پی کر ان دونوں بچوں نے پرورش پائی۔ اتفاقاً بادشاہ کا ایک گڈریا اس طرف کو آ نکلا اور اس نے ان دونوں بچوں کو دیکھ کر اٹھا لیا اور اپنے بادشاہ کے سامنے لایا۔ بادشاہ بیگم نے ان کو محبت کے ساتھ لے کر پرورش کیا۔ بڑے ہو کر ان دونوں بھائیوں نے ایک شہر کی بنیاد رکھی۔ یہ شہر روم یا روما کے نام سے موسوم ہوا اور ان کی اولاد میں ایک ایسی عظیم الشان سلطنت قائم ہوئی جو دنیا کی عظیم و مہیب سلطنتوں میں شمار ہوتی ہے۔ شہر روما آج کل بھی ملک اٹلی کا دارالسلطنت ہے۔ مگر رومولس اور ریموس کی قائم کی ہوئی رومن سلطنت کا اب نام و نشان باقی نہیں رہا۔ یہ سلطنت جب اپنے انتہائی عروج کو پہنچ گئی تو اس کے دو ٹکڑے ہو گئے ایک کو مشرقی روم اور دوسری کو مغربی روم کہتے تھے۔ مغربی روم کا دارالسلطنت تو شہر روما ہی ہے اور مشرقی روم کا دارالسلطنت قسطنطنیہ قرار پایا۔ مغربی روم پر شمالی یورپ اور روس کی وحشی قوموں نے بار بار حملے کر کے اس کو بے حد کمزور و ناتواں بنا دیا اور بالآخر مغربی روم کی سلطنت محدود ہو کر دو حصوں میں منقسم ہو گئی جنیوا اور وینس میں الگ الگ سلطنتیں قائم ہوئیں اور پھر وہ بھی مختلف صورتوں میں تبدیل ہو کر معدوم ہوئیں اور ان کی جگہ نئی حکومتیں قائم ہو گئیں ۔ مگر مشرقی روم پر شمالی حملہ آوروں کی آفتیں بہت ہی کم نازل ہوئیں اور اس کو