کتاب: تاریخ اسلام جلد دوم (اکبر شاہ) - صفحہ 736
بیٹے رکن الدین نے اپنے بھائی کی مخالفت اور تخت سلطنت کا دعویٰ کیا دونوں بھائیوں میں لڑائیاں ہوئیں ۔ آخر نصرت الدین اپنے بھائی رکن الدین کے ہاتھ سے مارا گیا۔ رکن الدین کے عہد حکومت میں سیلاب چنگیزی آیا اور مغلوں کے ہاتھ سے یہ مارا گیا۔ اس کے بعد تاج الدین حرب کا بیٹا شہاب الدین محمد تخت نشین ہوا، مگر چند روز کے بعد یہ بھی مقتول ہوا۔ اس کے بعد تاج الدین حرب کا بیٹا شہاب الدین محمد تخت نشین ہوا، مگر چند روز کے بعد یہ بھی مقتول ہوا۔ اس کے بعد تاج الدین نامی ایک شخص اسی خاندان کا تخت نشین ہوا اور دو سال محصور رہ کر مغلوں کے ہاتھ سے مقتول ہو کر اس خاندان کا خاتمہ کر گیا۔
ملوک خاندان کرت و ہرات :
کہتے ہیں کہ عزالدین عمر نامی ایک شخص سلجوقی خاندان سے تعلق رکھتا اور غیاث الدین غوری کا وزیر تھا۔ غیاث الدین غوری نے اس کو ہرات کا گورنر بنا کر بھیج دیا تھا۔ جہاں اس کے اہتمام سے بہت سی شاہی عمارات اور مساجد تعمیر ہوئیں ۔ یہ عزالدین کرت کے نام سے مشہور تھا۔ اس کے بعد ۶۴۳ھ میں رکن الدین کرت ہرات کا حاکم مقرر ہوا۔ دولت غوریہ کی بربادی کے بعد یہ لوگ ہرات کے مستقل بادشاہ سمجھے جاتے تھے ملک رکن الدین کرت کی وفات کے بعد شمس الدین کرت ہرات کے تخت پر بیٹھا اس نے اور اس کے باپ نے بھی مثل اتابکان شیراز کے مغلوں کی اطاعت قبول کر لی تھی۔ اسی لیے ان کی حکومت و سلطنت کو مغلوں نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔ بلکہ اپنی طرف سے بطور نائب السلطنت ان کو ہرات پر حکمران رہنے دیا۔
شمس الدین کرت کی وفات کے بعد اس کا بیٹا رکن الدین تخت ہرات پر بیٹھا، مغلوں کے بادشاہ اباقا خان نے اس کو ’’شمس الدین کہین‘‘ کا خطاب دیا تھا۔ اس کی وفات کے بعد اس کا بیٹا فخرالدین باپ کا جانشین ہوا۔ فخرالدین کے بعد اس کا بھائی غیاث الدین اور غیاث الدین کے بعد اس کا بیٹا شمس الدین ۷۲۹ھ میں تخت نشین ہوا۔ شمس الدین کے بعد اس کا بھائی ملک حافظ اور اس کے بعد دوسرا بھائی معزالدین حسین ۷۳۱ھ میں ہرات کا بادشاہ ہوا۔ معزالدین حسین نے ۷۷۱ھ میں وفات پائی۔ اس کے بعد اس کا بیٹا غیاث الدین ببر علی تخت نشین ہوا۔ اسی کے زمانے میں تیمور ہرات میں پہنچا۔ اس نے تیمور کی اطاعت قبول کی اور تیمور نے اپنی لڑکی کی شادی اس کے ساتھ کر دی۔
ایران کے دوسرے حصوں میں بھی اسی قسم کی چھوٹی چھوٹی خودمختار ریاستیں مثلاً اتابکان لرستان قائم ہو گئی تھیں جو کچھ زیادہ مشہور نہیں ہیں ۔