کتاب: تاریخ اسلام جلد دوم (اکبر شاہ) - صفحہ 59
والی بن کر چلا گیا اور ابو ایوب اس کی جگہ وزیر ہوا۔ اب منصور نے دوبارہ اس کو وزارت کا عہدہ عطا کر دیا۔ فوجوں کی سرداریوں اور صوبوں کی حکومت پر بھی مجوسی النسل لوگ مامور ہوتے تھے اور بہ تدریج ان کا اقتدار ترقی کر رہا تھا لیکن عربوں کا فوجی عنصر ابھی تک غالب تھا۔
اس موقع پر بے اختیار اکبر بادشاہ ہند کی وہ پالیسی یاد آ جاتی ہے جو اس نے پٹھانوں کی طاقتور اور با اقتدار قوم سے محفوظ رہنے کے لیے ہندوستان میں اختیار کی تھی کہ پٹھانوں کے خطرہ کو بے حقیقت بنانے کے لیے ہندوؤں کی مردہ قوم کو زندہ کرنا اور ان کو طاقتور بنانا ضروری سمجھا، حتیٰ کہ مان سنگھ کو ہندوستان کا سپہ سالار اعظم بنایا اور پٹھانوں کو ہر جگہ کمزور و ناتواں بنانے کی کوشش کو جاری رکھا۔ عباسیوں نے بھی عربوں کی طاقت کو مٹا کر ان کی جگہ مجوسیوں اور ایرانیوں کو طاقتور بنایا کہ کوئی عربی قبیلہ اور عربی قبائل کی مدد سے کوئی علوی خروج پر آمادہ نہ ہو سکے۔[1]
مہدی کے خراسان سے آنے کے اور منصور کی خدمت میں حاضر ہونے کے موقع پر فوج والوں کے طلب انعام میں بعض ایسی حرکات سرزد ہوئیں جس سے آزاد مزاجی اور خود سری کا اظہار ہوتا تھا۔ یہ فوج والے سب عربی قبائل پر مشتمل تھے اور مجوسیوں کی طرح ضرورت سے زیادہ اپنے بادشاہ یا خلیفہ کی تعظیم و تکریم کے عادی نہ تھے۔ ان کی یہی بات عباسیوں کو خائف و ترساں رکھتی تھی اور غالباً اسی آزاد مزاجی کی وجہ سے وہ ہر ایک نئی تحریک اور نئے مدعی خلافت کے ساتھ شامل ہو جاتے تھے۔ اس موقع پر لشکر کی یہ حالت دیکھ کر کہ قیم بن عباس بن عبداللہ بن عباس نے عربوں کے قبائل مضر اور قبائل ربیعہ میں چونکہ رقابت پیدا ہو گئی ہے، اس لیے مناسب یہ ہے کہ فوج کے دو حصے کر کے قبائل مضر کو تو مہدی کے ماتحت رکھو کیونکہ اہل خراسان قبائل مضر کے ہمدرد ہیں اور قبائل ربیعہ کو اپنے ماتحت رکھو، تمام یمنی ان کے ہوا خواہ ہیں ۔ اس طرح دو جانب دو فوجی مرکز قائم ہو جائیں گے تو ایک کو دوسرے کا خوف رہے گا اور کوئی بغاوت کامیاب نہ ہونے پائے گی۔ منصور نے اس رائے کو پسند کیا اور اپنے بیٹے مہدی کے قیام کے واسطے بغداد کی مشرقی جانب رصافہ کی تعمیر کا سنہ ۱۵۱ھ میں حکم دیا کہ وہاں الگ ایک فوجی چھاؤنی قائم ہو جائے۔ اسی سال یعنی سنہ ۱۵۱ھ میں محمد اشعث نے بلاد روم کی طرف سے واپس آتے ہوئے راستے میں وفات پائی۔
[1] کس قدر الم انگیز معاملہ ہے کہ کلمہ گو افراد کے بجائے غیر مسلموں کے ساتھ تعلقات پیدا کیے گئے، ان سے دوستوں کا دم بھرا گیا اور انہیں طاقتور کیا گیا۔ گویا یہ ان سانپوں کو پالنا تھا۔ پھر بعد میں خلافت اسلامیہ جیسے جیسے کمزور ہوتی گئی، اس کے اسباب میں ایک سبب یہ بھی تھا۔