کتاب: تاریخ اسلام جلد دوم (اکبر شاہ) - صفحہ 40
زیادہ موزوں اور ضروری بھی تھا جس کی تفصیل کا یہ موقع نہیں ۔ قتل سادات: رباح نے جن بزرگوں کو گرفتار کر کے قید کر دیا تھا ۱۴۴ھ کے آخر ایام تک مدینہ میں قید رہے، منصور برابر محمد مہدی اور ان کے بھائی ابراہیم کے تجسس و تلاش میں مصروف رہا، اس عرصہ میں یہ دونوں بھائی حجاز کے قبائل اور غیر معروف مقامات میں روپوش رہے اور جلدجلد اپنی جائے قیام کو تبدیل کرتے رہے، غرض سیّدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ کی اولاد میں کوئی شخص ایسا نہ تھا جو قید نہ ہو گیا ہو یا اپنی جان بچانے کے لیے چھپا چھپا نہ پھرتا ہو۔ ۱۴۴ھ کے ماہ ذی الحجہ میں منصور حج کرنے گیا اور محمد بن عمران بن ابراہیم بن طلحہ اور مالک بن انس کو یہ پیغام دے کر اولاد حسن رضی اللہ عنہ کے پاس قید خانہ میں بھیجا کہ محمد و ابراہیم دونوں بھائیوں کو ہمارے سپرد کر دو، ان دونوں کے باپ عبداللہ بن حسن، مثنیٰ بن حسن نے ان دونوں کے حال سے اپنی لاعلمی بیان کر کے خود منصور کے پاس حاضر ہونے کی اجازت چاہی، منصورنے کہا کہ جب تک اپنے دونوں بیٹوں کو حاضر نہ کرے میں عبداللہ بن حسن سے ملنا نہیں چاہتا، جب منصور حج سے واپس ہو کر عراق کی جانب آنے لگا تو رباح کو حکم دیا کہ ان قیدیوں کو ہمارے پاس عراق بھیج دو، رباح نے ان سب قیدیوں کو قیدخانہ سے نکال کر طوق، ہتھکڑیاں اور بیڑیاں پہنا کو بغیر کجاوہ کے اونٹوں پر سوار کرایا اور محافظ دستہ کے ساتھ عراق کی جانب روانہ کر دیا۔ راستے میں محمد و ابراہیم دونوں بھائی بدوں کے لباس میں اپنے باپ عبداللہ سے آکر ملے اور خروج کی اجازت چاہی مگر عبداللہ بن حسن نے ان کو صبر کرنے اور عجلت سے کام نہ لینے کی ہدایت و نصیحت کی۔ یہ قیدی جب منصور کے پاس پہنچے تو منصور نے محمد بن عبداللہ بن عمرو بن عثمان رضی اللہ عنہ کو اپنے سامنے بلا کر گالیاں دیں اور ڈیڑھ سو کوڑے لگوائے، محمد بن عبداللہ بن عمرو کا منصور اس لیے دشمن تھا کہ اہل شام ان کے ہوا خواہ تھے اور ملک شام میں ان کا بہت اثر تھا۔ ان قیدیوں کے عراق میں منتقل ہو جانے کے بعد محمد مہدی نے اپنے بھائی ابراہیم کو عراق و خراسان کی طرف روانہ کر دیا کہ تم وہاں جا کر لوگوں کو دعوت دو اور عباسیوں کی مخالفت پر آمادہ کرو، منصور کو اس بات کا یقین تھا کہ محمد مہدی حجاز میں موجود ہیں ، اس نے ان کو دھوکا دینے اور ان کا پتہ لگانے کی غرض سے جو تدابیر اختیار کیں ان میں ایک یہ تھی کہ وہ مسلسل مختلف شہروں کے لوگوں کی طرف سے محمد مہدی کے نام خطوط لکھوا لکھوا کر ایسے لوگوں کے پاس بھجواتا رہتا تھا جن کی نسبت اس کو شبہ تھا کہ یہ محمد مہدی کے