کتاب: تاریخ اسلام جلد دوم (اکبر شاہ) - صفحہ 38
تشدد روا نہ رکھتا، عبداللہ بن حسن یہ سن کر اپنے بیٹوں کے روپوش رکھنے میں اور بھی زیادہ مبالغہ کرنے لگے، آخر منصور نے حجاز کے چپے چپے میں اپنے جاسوس پھیلا دیے اور جعلی خطوط لکھ کر عبداللہ بن حسن کے پاس بھجوائے کہ کسی طرح مہدی کا پتہ چل جائے۔
محمد مہدی اور ان کے بھائی ابراہیم دونوں حجاز میں چھپتے پھرے، پھر منصور صرف انہیں کے تجسس و تلاش میں خود حج کے بہانے مکہ میں پہنچا، یہ دونوں بھائی حجاز سے بصرہ میں آکر بنوراہب اور بنومرہ میں مقیم ہوئے، منصور کو اس کا پتہ لگا تو وہ سیدھا بصرہ میں آیا لیکن اس کے آنے سے پیشتر محمد مہدی اور ابراہیم بصرہ چھوڑ چکے تھے، بصرہ سے یہ دونوں عدن چلے گئے، منصور بصرہ سے دارالخلافہ کو روانہ ہو گیا، جب عدن میں بھی ان دونوں بھائیوں کو اطمینان نہ ہوا تو سندھ چلے گئے، چند روز سندھ میں رہ کر کوفہ میں آکر روپوش رہے، پھر کوفہ سے مدینہ منورہ چلے آئے۔
۱۴۰ھ میں منصور پھر حج کو آیا، یہ دونوں بھائی بھی حج کے لیے مکہ آئے، ابراہیم نے قصد کیا کہ منصور کی زندگی کا خاتمہ کر دیں مگر ان کے بھائی محمد مہدی نے منع کر دیا، منصور کو اس مرتبہ بھی ان کا کوئی پتہ نہ چلا، اس نے ان کے باپ عبداللہ بن حسن مثنیٰ کو بلا کو دونوں بیٹوں کے حاضر کرنے کے لیے مجبور کیا، جب انہوں نے لاعلمی بیان کی تو منصور نے ان کو قید کرنا چاہا مگر زیاد عامل مدینہ نے ان کی ضمانت دی، تب وہ چھوٹے، چونکہ زیاد عامل مدینہ نے عبداللہ بن حسن کی ضمانت دی تھی اس لیے منصور اس سے بھی بدگمان ہو گیا اور دارالخلافہ میں واپس آکر محمد بن خالد بن عبداللہ قسری کو مدینہ کا عامل بنا کر بھیجا اور زیاد کو مع اس کے دوستوں کے گرفتار کراکر بلوایا اور قید کر دیا۔
محمد بن خالد نے مدینہ کا عامل ہو کر محمد مہدی کی تلاش و جستجو میں بڑی کوشش کی اور بیت المال کا تمام روپیہ اسی کوشش میں صرف کر دیا، منصور نے محمد بن خالد کے اسراف اور ناکامی پر اس کو بھی معزول کیا اور رباح بن عثمان بن حیان مزنی کو مدینہ کا عامل بنایا، رباح نے مدینہ میں پہنچ کر عبداللہ بن حسن کو بہت تنگ کیا اور تمام مدینہ میں ہلچل مچادی اور مندرجہ ذیل علویوں کو گرفتار کر کے قید کر دیا:
۱۔ عبداللہ بن حسن مثنیٰ بن حسن بن علی رضی اللہ عنہما (محمد مہدی کے باپ)
۲۔ ابراہیم بن حسن مثنیٰ بن حسن بن علی رضی اللہ عنہما (محمد مہدی کے چچا)
۳۔ جعفر بن حسن مثنیٰ بن حسن بن علی رضی اللہ عنہما (محمد مہدی کے چچا)
۴۔ سلیمان بن داؤد بن حسن مثنیٰ بن حسن بن علی رضی اللہ عنہما (محمد مہدی کے چچا)
۵۔ عبداللہ بن داؤد بن حسن بن حسن بن مثنیٰ بن علی رضی اللہ عنہما (محمد مہدی کے چچازاد بھائی)