کتاب: تاریخ اسلام جلد اول (اکبر شاہ) - صفحہ 808
جب سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کو خلافت پہنچی تو خالد حسب معمول اپنے مرتبہ پر آکر ان کے سامنے کھڑا ہوا، آپ نے خالد کو حکم دیا کہ یہ تلوار رکھ دو اور اپنے آپ کو معزول سمجھو، پھر عمرو بن مہاجر انصاری کو بلایا اور کوتوال مقرر کر کے کہا کہ میں نے اس کو اکثر قرآن شریف پڑھتے ہوئے دیکھا ہے اور اس کو ایسی جگہ نماز پڑھتے ہوئے دیکھا ہے جہاں کوئی اس کو نہ دیکھ سکتا تھا۔
سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے کہ جو شخص نزاع، غصہ اور طمع سے دور رہا وہ فلاح پا گیا، کسی نے سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ سے کہا کہ اگر آپ اپنے لیے کوئی لحاظ مقرر کر لیں اور کھانے پینے میں احتیاط رکھیں تو بہت اچھا ہو، آپ نے فرمایا کہ الٰہی اگر میں قیامت کے سوا کسی اور چیز سے ڈرتا ہوں تو مجھے اس سے امن میں نہ رکھنا۔
ایک مرتبہ آپ نے فرمایا: کہ لوگو اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور طلب رزق میں مارے مارے نہ پھرو، رزق مقسوم اگر پہاڑ یا زمین کے نیچے بھی دبا ہوا ہو گا تو پہنچ کر رہے گا، ازہر کہتے ہیں کہ میں نے آپ کو خطبہ پڑھتے ہوئے دیکھا ہے آپ کی قمیص میں پیوند لگے ہوئے تھے۔
ایک مرتبہ آپ نے عمرو بن قیس سکونی کو لشکر صائفہ کا سپہ سالار بنا کر روانہ کیا اور رخصت کرتے ہوئے فرمایا کہ وہاں کے نیک لوگوں کی بات سننا اور بدوں سے درگزر کرنا، جاتے ہی ان کا قتل شروع نہ کر دینا اور آخر میں بدنامی نہ اٹھانا، متوسط حالت اختیار کرنا کہ وہ تمہارا مرتبہ بھول نہ جائیں اور تمہاری باتیں سننے کی تمنا کرتے رہیں ۔
جراح بن عبداللہ عامل خراسان نے آپ کو لکھا کہ اہل خراسان بہت ناہموار لوگ ہیں ۔ یہ بغیر تلوار کے سیدھے نہ ہوں گے، آپ نے جواب لکھا کہ تم یہ جھوٹ کہتے ہو کہ اہل خراسان بغیر تلوار کے اصلاح پر نہ آئیں گے، عدل اور حق رسانی وہ چیزیں ہیں کہ ان سے خود درست ہو جائیں گے، پس ان میں انہیں دو چیزوں کی اشاعت کرو۔
صالح بن جبیر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ کبھی ایسا اتفاق ہوتا کہ میں کوئی بات امیرالمومنین رحمہ اللہ سے کہتا اور وہ مجھ سے ناراض ہو جاتے، ایک مرتبہ ان کے سامنے ذکر ہوا کہ ایک کتاب میں لکھا ہے کہ بادشاہ کی ناراضی سے ڈرنا چاہیے اور جب بادشاہ کا غصہ اتر جائے تب اس کے سامنے جانا چاہیے، آپ نے یہ سن کر فرمایا کہ صالح میں تجھے اجازت دیتا ہوں کہ تو میرے ساتھ اس کی پابندی نہ کر۔
ذہبی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میلان نے سیّدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ کے عہد خلافت میں قدر کا انکار کیا، آپ نے اس کو بلا کر توبہ کرنے کا حکم دیا، اس نے کہا کہ اگر میں گمراہ ہوتا، تو آپ کا یہ ہدایت کرنا