کتاب: تاریخ اسلام جلد اول (اکبر شاہ) - صفحہ 722
راستے سے نکل کر ابو موسیٰ اشعری کے مکان میں جا کرچھپ گیا اور باقی لوگوں نے امان طلب کر کے دارالامارۃ کا دروازہ کھول دیا۔ مختار نے دارالامارۃ اور بیت المال پر قبضہ کر کے بہت سا روپیہ اپنے آدمیوں میں تقسیم کیا، جامع کوفہ میں اہل کوفہ جمع ہوئے، مختار نے خطبہ دیا اور محمد بن حنفیہ کی بیعت و امامت تسلیم کرنے کی ترغیب دی، چنانچہ اہل کوفہ نے کتاب و سنت کی پیروی اور اہل بیت کی ہمدردی کا بیعت کے ذریعہ اقرار کیا، مختار نے بھی ان کے ساتھ حسن سلوک کا وعدہ کیا، اس بیعت عام کے بعد مختار نے سنا کہ عبداللہ بن مطیع ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ کے مکان میں روپوش ہے، اس نے ایک لاکھ درہم اس کے پاس بھجوائے اور کہلا بھیجا کہ مجھ کو معلوم ہوا ہے کہ تم سامان سفر کے نہ ہونے کی وجہ سے ابوموسیٰ کے مکان میں ٹھہرے ہوئے ہو، لہٰذا یہ ایک لاکھ درہم قبول کرو، اور تین دن کے اندر اپنا سامان درست کر کے کوفہ سے روانہ ہو جاؤ۔ عبداللہ بن مطیع شرم کی وجہ سے مکہ معظمہ کی طرف نہیں گیا، بلکہ کوفہ سے بصرہ چلا آیا۔ جس زمانہ میں سلیمان بن صرد کے ہمراہی ہزیمت خوردہ کوفہ میں آئے تھے، ان ہی میں مثنیٰ بن مخرمہ عبدی نامی ایک شخص بصرہ کا رہنے والاتھا۔ مختار کے خط کو پڑھ کر یہ لوگ جیل خانہ میں اس سے ملنے گئے تھے، اوپر اس کا ذکر آچکا ہے، اسی وقت مثنیٰ نے مختار کے ہاتھ پر بیعت کر لی تھی اور مختار نے اس کو یہ وصیت کر کے بصرہ کی طرف رخصت کیا تھا کہ تم وہاں جا کر شیعان علی رضی اللہ عنہ سے میری نیابت میں بیعت کر لو اور اپنی جمعیت کو بڑھاؤ، جس وقت میں کوفہ میں خروج کروں گا، اسی وقت تم بھی بصرہ میں خروج کرنا، چنانچہ مثنیٰ بن مخرمہ نے بصرے میں لوگوں سے خفیہ بیعت لینی شروع کی اور ایک گروہ کو اپنے ساتھ شامل کر لیا۔ مختار نے جب کوفہ میں خروج کا ارادہ کیا تو بصرہ میں مثنیٰ کے پاس بھی اطلاع بھیج دی، اس نے بھی وہاں تاریخ مقررہ پر خروج کیا، لیکن بصرہ میں اس وقت سیّدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کی طرف سے حرث بن ابی ربیعہ حاکم بصرہ تھا، حرث بن ابی ربیعہ نے ان باغیوں کے منصوبوں کو پورا نہ ہونے دیا، اور سب کو ایک محلہ میں گھیر کر محصور کر لیا، پھر سب کو بصرہ سے نکال دیا، یہ لوگ بصرہ سے نکل کر کوفہ میں مختار کے پاس چلے آئے، اس طرح بصرہ تو بچ گیا مگر کوفہ سیّدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کی حکومت سے نکل گیا۔ کوفہ میں مختار نے اپنا تسلط قائم کر کے شرفائے کوفہ کو اپنا مصاحب بنایا اور دوسرے بلاد اسلامیہ پر قبضہ کرنے کے لیے چند جھنڈے بنائے، ایک علم عبداللہ بن حرث بن اشتر کو دے کر آرمینیا کی طرف بھیجا، ایک علم محمد بن عمیر بن عطارد کو دے کر آذر بائیجان کی طرف روانہ کیا، ایک علم عبدالرحمن بن سعید بن