کتاب: تاریخ اسلام جلد اول (اکبر شاہ) - صفحہ 465
ولایات کے عامل یا گورنر: جب سیّدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ خلیفہ منتخب و مقرر ہوئے ہیں ، تو اسلامی صوبوں اور ولایتوں پر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے مقرر کیے ہوئے مندرجہ ذیل عمال حکمران تھے۔ مکہ میں نافع بن عبدالحارث، طائف میں سفیان بن عبداللہ ثقفی، یمن میں یعلیٰ بن امیہ، عمان میں حذیفہ بن محصن، دمشق میں معاویہ بن ابی سفیان مصر میں عمروبن العاص، حمص میں عمر بن سعد، اردن میں عمر بن عتبہ، بصرہ میں ابوموسیٰ اشعری، کوفہ میں مغیرہ بن شعبہ، بحرین میں عثمان بن ابی العاص رضی اللہ عنہم ۔ عاملوں کے عزل و نصب کے متعلق سب سے پہلا حکم سیّدنا عثمان غنی نے یہ جاری کیا کہ مغیرہ بن شعبہ کو کوفہ کی گورنری سے معزول کر کے مدینہ میں بلا لیا اور ان کی جگہ سیّدنا سعد بن ابی وقاص کو کوفہ کا گورنر مقرر کر کے بھیجا، لوگوں نے اس تقرر و برطرفی کا سبب دریافت کیا تو انہوں نے فرمایا کہ مغیرہ کو کسی خطا پر معزول نہیں کیا گیا، بلکہ میں نے یہ انتظام وصیت فاروقی کے موافق کیا ہے، کیونکہ سیّدنا فاروق رضی اللہ عنہ اپنے اس منشا کو مجھ سے فرما چکے تھے۔