کتاب: تقوی، اہمیت،برکات اور اسباب - صفحہ 74
[اس بات پر دلالت کناں حدیث کا ذکر، کہ بلاشبہ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے دوست ان کے فاجر اقارب کی بجائے متقی لوگ ہیں] (۴) محبوبِ الٰہی بننا تقویٰ کے انتہائی بیش قیمت ثمرات میں سے ایک یہ ہے، کہ اس کے ذریعہ بندہ اللہ تعالیٰ کا محبوب بن جاتا ہے۔ یہ حقیقت قرآن و سنت کی متعدد نصوص میں بیان کی گئی ہے، جن میں سے تین درج ذیل ہیں: ۱: ارشادِ ربانی: {بَلٰی مَنْ اَوْفٰی بِعَھْدِہٖ وَاتَّقٰی فَإِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الْمُتَّقِیْنَ} [1] ( کیوں نہیں، جو شخص اپنے عہد کو پورا کرے اور تقویٰ اختیار کرے، تو یقینا اللہ تعالیٰ متقی لوگوں سے محبت کرتے ہیں) ۔ ب: {إِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الْمُتَّقِیْنَ} [2] [بلاشبہ اللہ تعالیٰ متقیوں سے محبت کرتے ہیں] ۔ ج: امام مسلم نے حضرت سعد رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے، کہ انہوں نے بیان کیا ’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ’’ إِنَّ اللّٰہَ یُحِبُّ الْعَبْدَ التَقِيَّ الغَنِيَّ الْخَفِيَّ ۔‘‘ [3] ’’بلاشبہ اللہ تعالیٰ ایسے بندے سے محبت کرتے ہیں، جو تقی غنی [4] اور خفی[5] ہو۔ ‘‘
[1] سورۃ آل عمران؍ الآیۃ ۷۶۔ [2] سورۃ التوبۃ؍ جزء من الآیۃ ۴۔ [3] صحیح مسلم، کتاب الزہد والرقائق، جزء من رقم الحدیث ۱۱ (۲۹۶۵)، ۴؍۲۲۷۷۔ [4] (غنیّ) سے مراد دل کا غنی ہونا ہے، کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’ اور لیکن [حقیقی] تو نگری، تو دل کی تونگری ہے۔‘‘ (ملاحظہ ہو: شرح النووي ۱۸؍۱۰۰)۔ [5] (خفیّ) سے مراد ایسا شخص ہے جو عبادت میں انہماک اور اپنے کاموں میں مصروفیت کی بنا پر عام لوگوں میں مشہور نہ ہو۔ (ملاحظہ ہو: المرجع السابق ۱۸؍۱۰۰)۔