کتاب: تقلید کی حقیقت - صفحہ 20
ترجمہ: عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے قریب ہے کہ تم لوگوں پر آسمان سے پتھر برسیں میں تم سے کہتا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور تم مجھے کہتے ہو ابو بکر رضی اللہ عنہ اور عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایاہے۔ آج بھی بالکل یہی حال مقلدین کا ہے جب امام سے کوئی بات منقول نہ ہو تو وہ اس بات کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتے اسی طرح کوئی بات اگر حدیث کے خلاف امام سے منقول ہو پھر اسے چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ہوتے۔ الٹا کہتے ہیں کیا ہمارے امام کو یہ حدیث نہیں ملی تھی ؟ جب انہوں نے اس حدیث کو نہیں لیا تو ہم کیوں لیں۔ بالفاظ دیگر یعنی ہمارے امام سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی بھی حدیث نہیں چھوٹی ۔ اب ان سے کوئی پوچھے کیا آپ کے امام نے ایک لاکھ چوبیس ہزار کم و بیش تمام صحابہ کرام سے ملاقات کی تھی؟ اگر کہتے ہو کہ کی تھی تو یہ جھوٹ روزِ روشن کی طرح واضح ہے اور اگر کہتے ہو کہ نہیں کی تھی اور یقینا نہیں کی تھی تو پھر یہ ماننا پڑے گا کہ تمام حدیثیں بھی ان کو نہیں ملی تھیں تو پھر سوال یہ ہو گا کہ جو حدیثیں آپ کے مسلک کے خلاف امام مالک رحمہ اللہ کے پاس ہیں یا امام شافعی رحمہ اللہ کے پاس ہیں یا امام احمد ابن حنبل رحمہ اللہ کے پاس ہیں یا امام بخاری رحمہ اللہ اور امام مسلم رحمہ اللہ اور دیگر محدثین کے پاس ہیں انہوں نے اپنی طرف سے گھڑی ہیں یا ان کو امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ سے کوئی دشمنی تھی یا ان کے خلاف اپنا مذہب اور جماعت تیار کرنا مقصود تھا حالانکہ صحیح حدیث کے مقابلہ میں کسی صحابی کا فعل بھی حجت نہیں ہے۔ یہ بات ہم اپنے طرف سے نہیں کر رہے ہیں بلکہ جلیل القدر صحابی کی زبان سے سنیں۔ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فرماتے ہیں۔ قال عبد اللّٰه بن عمر: أرأیت ان کان أبی نھیٰ عنھا وصنعھا رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم أأمرأبي یتبع أم أمر رسول صلی اللّٰه علیہ وسلم فقال الرجل بل أمر رسول اللّٰه فقال: لقد صنعھا رسول صلی اللّٰه علیہ وسلم (رواہ الترمذی فی باب ماجاء فی التمتع رقم الحدیث ۸۲۴) ترجمہ : تومجھے بتا اگر اس کام سے میرے والد نے منع کیا ہو اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو کیا ہو بتا کس کی اتباع کرنی چاہئے؟ میرے والد کی یا اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ؟ تو اس نے کہا بیشک اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کی جائے گی۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا تو پھر سن لے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کام کو کیا ہے۔