کتاب: تلاش حق کا سفر - صفحہ 9
’’جس نے ہمارے اس دین میں کوئی ایساکام ایجاد کیا جو کہ دراصل اس میں سے نہیں ہے وہ مردوددنامقبول ہے ،،۔ اصلاح کی تڑپ لے کربعض خوش نصیب اپنی اور دوسروں کی اصلاح کے لیے اس طرف قدم اٹھاتے ہیں ۔ یہ کتاب ’’ تلاش ِ حق کا سفر‘‘ بھی اسی کارواں کا حصہ ہے اور حق کی تلاش میں ایک انوکھی کوشش ہے ۔ چونکہ انسان ٹھوکریں کھا کھا کر ہی سنبھلتا ہے ، لہٰذا یہ بھی اُسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ جب برادرمحمد رحمت اﷲخان (ایڈووکیٹ) جیسے انسان کا معاشرے میں ایسے لوگوں سے پالا پڑتا ہے جو عبادات بھی من گھڑت یا خود ساختہ طریقے سے سر انجام دیتے ہیں اور انکے عقائد میں بھی کجی ہوتی ہے تو پھر وہ شخص اسی طرح حق کی تلاش میں نکلتا ہے اور راہِ حق پالینے کے بعدایسے لوگوں کے عقائد اور عبادات کا پول کھولتا ہے ۔ ایسے میں قلم کی تیزی اور زبان کی ترشی ایک لازمی بات ہے تا ہم اس کی اصلاح کرکے اسے اعتدال کی چاشنی سے روشناس کروادیا گیا ہے اور اردو کی نوک پلک بھی سنواردی ہے ۔ اسی طرح ممکنہ حدتک احادیث کے حوالے بھی درج کر دیئے ہیں ۔ دُعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہم سب کوکسی بھی بغض و عناد ، کینہ اور تنقید برائے تنقید سے بچا کر تحقیق کی توفیق سے نوازے اور چشمہء حق سے سیراب کرے ۔ آمین۔ واللّٰہ الموفِّق المحکمۃ العامۃ بالخبر ابوعدنان محمدمنیرقمر نواب الدین ۲۷؍۳؍۱۴۲۷ھ ترجمان سپریم کورٹ،الخبر ۲۵؍۴؍۲۰۰۶ ودا عیہ متعاون : مراکز دعوت و ارشاد الخبر،الظہران،الدمام (سعودیعرب)