کتاب: طلاق کے مسائل - صفحہ 43
یُّصْلِحَا بَیْنَہُمَا صُلْحًا ط وَ الصُّلْحُ خَیْرٌ ط وَ اُحْضِرَتِ الْاَنْفُسُ الشُّحَّ ط وَ اِنْ تُحْسِنُوْا وَ تَتَّقُوْا فَاِنَّ اللّٰہَ کَانَ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرًا }(128:4) ’’جب کسی عورت کو اپنے شوہر سے بدسلوکی یا بے رخی کا خطرہ ہو تو کوئی مضائقہ نہیں اگر میاں اور بیوی(کچھ حقوق کی کمی وبیشی پر) آپس میں صلح کرلیں، صلح بہرحال (علیحدگی سے) بہتر ہے۔ نفس تنگ دلی کی طرف جلد مائل ہوجاتے ہیں لیکن اگر تم لوگ احسان سے پیش آؤ اور خدا ترسی سے کام لو، تو یقین رکھو اللہ تمہارے اس (نیک) طرز عمل سے بے خبر نہ ہوگا۔‘‘ (سورہ نساء ، آیت نمبر128) وضاحت : عورت کی تنگ دلی یہ ہے کہ اپنی بیماری، بڑھاپے یا بد صورتی کے باوجود مرد سے اسی محبت اور رغبت کا تقاضا کرے جو صحت مند یا نوجوان یا خوبصورت بیوی کے لئے ہو سکتی ہے۔ مرد کی تنگ دلی یہ ہے کہ نئی شادی کے بعد پہلی بیوی کے زیادہ سے زیادہ حقوق کم کرنے کی کوشش کرے اورا س کی مجبوری (بیماری ، بڑھاپا یابدصورتی) سے ناجائز فائدہ اٹھائے۔ مسئلہ نمبر22:طلاق دینا صرف مرد کا اختیار ہے عورت کا نہیں۔ مسئلہ نمبر23:صحبت سے قبل اگر کوئی آدمی اپنی بیوی کو طلاق دے دے تو عورت پر کوئی عدت نہیں، طلاق کے فوراً بعد عورت دوسرا نکاح کر سکتی ہے۔ مسئلہ نمبر24:صحبت سے قبل دی گئی طلاق میں حق رجوع باقی نہیں رہتا۔ { یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْآ اِذَا نَکَحْتُمُ الْمُؤْمِنٰتِ ثُمَّ طَلَّقْتُمُوْہُنَّ مِنْ قَبْلِ اَنْ تَمَسُّوْہُنَّ فَمَالَکُمْ عَلَیْہِنَّ مِنْ عِدَّۃٍ تَعْتَدُّوْنَہَاج فَمَتِّعُوْہُنَّ وَ سَرِّحُوْہُنَّ سَرَاحًا جَمِیْلاً }(49:33) ’’اے لوگو، جو ایمان لائے ہو!جب تم مومن عورتوں سے نکاح کرو اور پھر انہیں ہاتھ لگانے سے پہلے طلاق دے دو تو تمہارے طرف سے ان پر کوئی عدت نہیں ، جس کو پورا کرنے کا تم مطالبہ کرسکو، لہٰذا انہیں کچھ مال دو اور بھلے طریقے سے رخصت کردو۔‘‘ (سورہ احزاب ، آیت نمبر49) مسئلہ نمبر25:عجلت میں یا غصہ میں بلا سوچے سمجھے طلاق دینا منع ہے۔ مسئلہ نمبر26:دوران حیض طلاق دینا منع ہے۔ مسئلہ نمبر27:جس طہر میں عورت سے صحبت کی ہواس میں طلاق دینا منع ہے۔ مسئلہ نمبر28:بیک وقت تین طلاقیں دینا منع ہے۔ مسئلہ نمبر29:طلاق دینے کے بعد عدت کی مدت کا صحیح شمار کرناضروری ہے۔ مسئلہ نمبر30:رجعی طلاق کے بعد عورت کو عدت پوری ہونے تک شوہر کے گھر پر ہی رہنا چاہئے۔ مسئلہ نمبر31:دوران عدت رجعی طلاق والی عورت کو گھر سے نکالنا منع ہے۔ مسئلہ نمبر32:دوران عدت رجعی طلاق والی عورت کا نان نفقہ مرد کے ذمہ واجب ہے۔ مسئلہ نمبر33:طلاق کے معاملہ میں اللہ تعالیٰ کے احکام کی خلاف ورزی کرنے والا فریق ظالم ہے۔