کتاب: طلاق کے مسائل - صفحہ 20
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ مبارک سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ شریعت اسلامیہ میں بیک وقت تین طلاقیں دینا کتنا بڑا گناہ ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ شریعت خاندان کو تباہی سے بچانے کے لئے جس مصلحت اور حکمت کو بروئے کار لانا چاہتی ہے بیک وقت تین طلاقیں دینے والا شخص نہ صرف ان مصلحتوں اور حکمتوں کو پامال کر ڈالتا ہے بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صریحاً نافرمانی کا مرتکب بھی ٹھہرتاہے تاہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین طلاقیں دینے والے شخص پر شدید ناراضی کے باوجود تین طلاقوں کو تین شمار نہیں فرمایا بلکہ تین کی بجائے ایک ہی شمار فرما کر امت کو بہت بڑے فتنے سے محفوظ فرمادیا ۔حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے زمانہ خلافت میں اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانہ خلافت میں دو برس تک یک بارگی تین طلاقیں دینے والے شخص کی تین طلاقیں ایک ہی طلاق شمار کی جاتی تھی پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ لوگوں نے جلد بازی سے کام لینا شروع کردیا ہے حالانکہ انہیں رخصت دی گئی تھی لہٰذا تین طلاقیں نافذ کردینا مناسب ہے چنانچہ انہوں نے فافذ فرمادیں (مسلم ،کتاب الطلاق الثلاث) رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت مطہرہ اور دونوں خلفائے راشدین کے عمل سے درج ذیل تین باتیں واضح ہو جاتی ہیں (الف) بیک وقت تین طلاقیں دینا شریعت اسلامیہ میں بہت بڑا گناہ ہے (ب) یک بارگی تین طلاقیں دینے والے کو گناہ گار ٹھہرانے کے باوجود شریعت اسلامیہ اسے طلاق کے باقی دو مواقع سے محروم نہیں کرتی اور تین طلاقوں کو ایک ہی طلاق شمار کرتی ہے (ج) حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو یک بارگی تین طلاقیں دینے سے روکنے کے لئے بطور سزا تین کو تین ہی نافذ فرمادیاتھا لیکن یہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا اجتہاد تھا شریعت اسلامیہ کا مستقل قانون نہیں تھا۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے طلاق کے احکام بیان کرتے ہوئے یہ بات ارشاد فرمائی ہے فَطَلِّقُوْہُنَّ لِعِدَّتِہِنَّ(1:65)یعنی عورتوں کو ان کی عدت کے لئے طلاق دیا کرو جس کا مطلب یہ ہے کہ ایک طلاق دینے کے بعد جو عدت (یعنی تین ماہ )مقرر کی گئی ہے وہ پوری کرو اور پھر دوسری طلاق دو اسی طرح دوسری طلاق کی عدت پوری کرنے کے بعد تیسری طلاق دو جو شخص بیک وقت تین طلاقیں دیتا ہے اس نے گویا دوسری اور تیسری طلاق کی عدت پوری کئے بغیر طلاق دے دی جبکہ پہلی طلاق کے بعد رجوع یا تین ماہ کا انتظار کرنا ضروری تھا لہٰذا بیک وقت تین طلاقیںدینے کی صورت میں پہلی طلاق تو ہوجاتی ہے دوسری اور تیسری طلاق وقت مقررہ سے قبل دینے کی وجہ سے نافذ نہیں ہوتی اس کی مثال بالکل ایسے ہے جیسا کہ نماز کے بارے میں حکم ہے اِنَّ الصَّلاَۃَ کَانَتْ عَلَی الْمُوْمِنِیْنَ کِتَابًا مَّوْقُوْتًا ’’بے شک نماز مقرر وقت پر ادا کرنا اہل ایمان پر فرض کی گئی ہے۔‘‘ (سورہ نساء ،آیت نمبر 103 )