کتاب: تجوید کی تدریس کے طریقے - صفحہ 98
تدریس کے تعلیمی ذرائع یہاں ہماری مراد وہ تعلیمی ذرائع ہیں جنہیں ایک مدرس علمی مباحث طلباء کے ذہن نشین کرانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ یہ ذرائع تھوڑی سی محنت کے ساتھ علم کی نشر واشاعت اور بہترین صورت میں طلباء تک معلومات پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تعلیمی وسائل کے فوائد: دورانِ تدریس تعلیمی وسائل کے استعمال کے کافی فوائد ہیں، ذیل میں ہم ان کا خلاصہ بیان کر رہے ہیں: ۱۔ اس سے طالب علم کے حواس مجتمع اور اس کی توجہ مبذول رہتی ہے۔ علاوہ ازیں سبق کے معانی، قواعد اور احکام کو یاد رکھنے میں وہ زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ۲۔ اس سے طلباء کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ سبق کی جزئیات کو اچھی طرح ذہن نشین کر لیتے ہیں۔ ۳۔ طالب علم میں چستی پیدا ہوتی ہے اورسیکھنے کی روح بیدار ہوتی ہے۔ ۴۔ طلباء سبق کے موضوع سے ہٹے بغیر تبدیلی محسوس کرتے ہیں۔ ۵۔ یہ وسائل معلومات کو راسخ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، علاوہ ازیں طالب علم کے لیے یہ آسان ہوتا ہے کہ وہ جب چاہے معلومات کا اعادہ کر سکے۔ ۶۔ طلباء میں مشاہدے، گہرائی، شعوری غوروفکر اور گہری توجہ کی روح بیدار کرتے ہیں۔ ۷۔ سبق کی متنوع جزئیات کے مابین تعلق قائم کرنے کے لیے طلباء کو مستقل طور سوچ وبچار پر ابھارتے ہیں۔ ۸۔ یہ ذرائع طالب علم اور استاذ دونوں کے وقت اور محنت میں کمی کا باعث ہوتے ہیں۔