کتاب: طہارت کے مسائل - صفحہ 76
حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم وضو کرتے ہوئے داڑھی کا خلال کرتے تھے۔ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔
(مسئلہ نمبر135)صرف چوتھائی سر کا مسح کرنا سنت سے ثابت نہیں۔
(مسئلہ نمبر136)گردن کا مسح کرنا سنت سے ثابت نہیں۔
(مسئلہ نمبر137)سر کے مسح کا مسنون طریقہ یہ ہے۔
عَنْ عَبْدِاللّٰہِ بْنِ زَیْدِ بْنِ عَاصِمٍ رضی اللّٰه عنہ فِیْ صِفَۃِ الْوُضُوْئِ قَالَ : مَسَحَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم رَأْسَہٗ بِیَدَیْہِ فَأَقْبَلَ بِہِمَا وَ أَدْبَرَ بَدَأَ بِمُقَدَّمِ رَأْسِہٖ حَتّٰی ذَہَبَ بِہِمَا اِلٰی قَفَاہُ ثُمَّ رَدَّہُمَا اِلَی الْمَکَانِ الَّذِیْ بَدَأَ مِنْہُ ۔ رَوَاہُ الْبُخَارِیُّ[1]
حضرت عبداللہ بن زید بن عاصم رضی اللہ عنہ وضو کا طریقہ بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سر کامسح اس طرح کیا کہ اپنے دونوں ہاتھ آگے سے پیچھے لے گئے اور پیچھے سے آگے لائے۔یعنی پہلے سر کے اگلے حصہ سے شروع کیا اور دونوں ہاتھوں کو گدی تک لے گئے پھر جہاں سے شروع کیاتھا وہیں تک واپس لے آئے ۔ اسے بخاری نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر138)سر کے مسح کے ساتھ کانوں کا مسح بھی ضروری ہے۔
(مسئلہ نمبر139)کانوں کے مسح کا مسنون طریقہ یہ ہے۔
عَنْ عَبْدِاللّٰہِ بْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا فِیْ صِفَۃِ الْوُضُوْئِ قَالَ : ثُمَّ مَسَحَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم بِرَأْسِہٖ وَ اُذُنَیْہِ بَاطِنِہِمَا بِالسَّبَّاحَتَیْنِ وَظَاہِرِہِمَا بِإِبْہَامَیْہِ ۔ رَوَاہُ النَّسَائِیُّ[2]
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہا وضو کا طریقہ بتاتے ہوئے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سر کامسح کیا اور اپنی شہادت کی دونوں انگلیوں سے کانوں کے اندر اور اپنے دونوں انگوٹھوں سے دونوں کانوں کے باہر کے حصہ کا مسح کیا۔ اسے نسائی نے روایت کیاہے۔
[1] کتاب الوضوء باب مسح الراس کلہ
[2] صحیح سنن النسائی للالبانی الجزء الاول رقم الحدیث 99