کتاب: طہارت کے مسائل - صفحہ 57
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غسل حیض سے قبل اپنی بیوی سے صحبت کرنے والے آدمی کے بارے میں ارشاد فرمایا’’کہ وہ ایک دینار(4گرام ) یا نصف دینار (2 گرام )صدقہ کرے۔‘‘اسے ابوداؤد نے روایت کیاہے۔
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا عَنِ النَّبِیِّ صلی اللّٰه علیہ وسلم قَالَ (( اِذَا کَانَ دَمًا اَحْمَرَ فَدِیْنَارٌ وَاِذَا کَانَ دَمًا اَصْفَرَ فَنِصْفُ دِیْنَارٍ )) ۔رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ[1] (صحیح)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’جب حائضہ کے خون کی رنگت سرخ ہو اور اس سے صحبت کی جائے تو ایک دینار صدقہ ہے،اگر خون کی رنگت زرد ہو تو (صحبت کرنے پر)نصف دینار صدقہ ہے۔‘‘اسے ترمذی نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر92)حائضہ کو مسلسل قرآن پاک کی تلاوت کرنا منع ہے البتہ ایک ایک آیت توڑ کر پڑھ سکتی ہے۔
قَالَ اِبْرَاہِیْمُ رَحِمَہُ اللّٰہُ :لاَ بَاسَ اَنْ تَقْرَاَ الْآیَۃَ ۔رَوَاہُ الْبُخَارِیُّ[2]
حضرت ابراہیم(نخعی)رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ حائضہ قرآن مجید کی ایک آیت پڑھ لے تو کوئی حرج نہیں۔ اسے بخاری نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر93)حائضہ قرآن مجید کو ہاتھ نہ لگائے اگر پکڑنا ضروری ہو تو کپڑے سے پکڑنا چاہئے۔
کَانَ اَبُوْ وَائِلٍ رضی اللّٰه عنہ یُرْسِلُ خَادِمَہُ وَہِیَ حَائِضٌ اِلَی اَبِی رَزِیْنٍ لِتَاتِیَہُ بِالْمُصْحَفِ فَتُمْسِکُہُ بِعِلاَقَتِہِ ۔رَوَاہُ الْبُخَارِیُّ[3]
حضرت ابو اوائل رضی اللہ عنہ اپنی خادمہ کو حالت حیض میں ابو رزین رضی اللہ عنہ کے پاس قرآن مجید لانے کے لئے بھیجتے اور وہ قرآن مجید کا نیفہ پکڑ کر لادیتی تھیں۔اسے بخاری نے روایت کیاہے۔
[1] صحیح سنن الترمذی ، للالبانی ، الجزء الاول ، رقم الحدیث 118
[2] کتاب الحیض ، باب تقضی الحائض المناسک کلہا الا الطواف بالبیت
[3] کتاب الحیض ، باب قراۃ الرجل فی حجر امراتہ امراتہ وہی حائض